حدیث شریف

حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’جس نے کسی تنگدست مقروض کو مہلت دی تو اللہ تعالیٰ اس کے گناہوں کو معاف فرمائے گا‘‘۔ (طبرانی)

حدیث شریف

حضرت ابوامامہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’چھپاکر صدقہ دینا اللہ کے غضب کو ٹھنڈا کردیتا ہے اور رشتہ داروں سے حسنِ سلوک عمر کو بڑھاتا ہے‘‘۔ (طبرانی)

حدیث شریف

حضرت ام کلثوم رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’افضل صدقہ وہ ہے، جو دشمن رشتہ دار کو دیا جائے‘‘۔ (طبرانی)

حدیث شریف

حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’جس مسلمان کے تین نابالغ بچے مر گئے، اللہ تعالیٰ اس کو جنت میں داخل کرے گا۔ اس کی بخشش کا سبب وہ فضل و رحمت ہوگا، جو اللہ تعالیٰ کا ان بچوں پر ہے‘‘۔ (بخاری شریف)

حدیث شریف

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’مؤمن کامل اپنی نرمی اور خوش خلقی کے ذریعہ رات کو عبادت کرنے والے اور دن کو ہمیشہ روزہ رکھنے والے شخص کا درجہ حاصل کرلیتا ہے‘‘۔ (ابوداؤد)

حدیث شریف

حضرت حارث بن وہب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’اللہ تعالیٰ نرمی اور مہربانی کو پسند فرماتا ہے، بدخلق جنت میں داخل نہ ہوگا‘‘۔ (مشکوٰۃ)

حدیث شریف

حضرت ابوذر غفاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے میں نے پوچھا ’’انسان کو جو چیزیں دی گئیں، اُن میں بہتر کونسی چیز ہے؟‘‘۔ ارشاد ہوا ’’نرمی اور خوش خلقی‘‘۔ (مشکوٰۃ)

حدیث شریف

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ایک شخص نے پیاسے کتے کو جو کیچڑ چاٹ رہا تھا پانی پلادیا تھا، اس کو اس عمل کے بدلے جنت عطا کردی گئی‘‘۔ (بخاری شریف)

حدیث شریف

حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک شخص نے دریافت کیا ’’میں اپنے خادم کی خطاؤں کو کہاں تک معاف کروں؟‘‘۔ آپﷺ نے فرمایا ’’ہر دن میں ستر بار‘‘۔ (ابوداؤد)

حدیث شریف

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’اگر لوگوں کو اذان اور پہلی صف کا ثواب معلوم ہو جائے تو اس ثواب کو حاصل کرنے کے لئے لوگ آپس میں قرعہ اندازی کریں گے اور اگر لوگوں کو نماز کا ثواب معلوم ہو جائے تو لوگ سینہ کے بل چل کر مسجد میں آیا کریں گے‘‘۔ (بخاری و مسلم)

حدیث شریف

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ایک جمعہ کی نماز سے دوسرے جمعہ کی نماز اپنے درمیانی حصے کے گناہ مٹا دیتی ہے، بشرطیکہ یہ گناہ کبیرہ نہ ہوں‘‘۔ (مسلم)

حدیث شریف

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’جس طرح پانچ مرتبہ غسل کرنے والے کے بدن پر مَیل نہیں رہتا، اسی طرح پانچ بار نماز پڑھنے والے کے ذمہ کوئی خطا باقی نہیں رہتی، یہ نمازیں خطاؤں کو مٹا دیتی ہیں‘‘۔ (بخاری و مسلم)

حدیث شریف

حضرت جابر اور حضرت ابو طلحہ رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ اگر کسی مسلمان کی آبرو ریزی اور بے عزتی کے وقت کوئی شخص امداد کرے گا تو اللہ تعالیٰ ایسے بندہ کی اس وقت امداد کرے گا ، جب اس کو امداد و اعانت کی ضرورت ہوگی ‘‘ ۔ (ابوداؤد)

حدیث شریف

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’دعا مؤمن کا ہتھیار ہے، دین کا ستون ہے، آسمان و زمین کا نور ہے‘‘۔ (حاکم)

حدیث شریف

حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’لوگو! دعا کرنے کی ہمت نہ ہارو، دعا کرنے کی حالت میں کوئی شخص ہلاک نہیں کیا جاتا‘‘۔ (ابن حبان، حاکم)

حدیث شریف

حضرت ابو شریح رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’جو اللہ اور قیامت پر یقین رکھتا ہے، اُسے چاہئے کہ اپنے پڑوسی کی عزت کرے‘‘۔ (بخاری شریف)

حدیث شریف

حضرت ابو ایوب انصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’کسی مسلمان کے لئے یہ جائز نہیں کہ وہ اپنے مسلمان بھائی سے تین دن سے زیادہ بات بند رکھے۔ ان دونوں میں اچھا وہ ہے، جو سلام کی ابتدا کرے‘‘۔ (بخاری شریف)

حدیث شریف

حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’درحقیقت سود سے حاصل شدہ مال اگرچہ بہت ہو، لیکن انجام کار وہ کم ہی ہو جائے گا‘‘۔ (ابن ماجہ)

حدیث شریف

حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پیمانہ اور ترازو رکھنے والوں کو صحیح طورپر تولنے کی ہدایت فرمائی اور فرمایا کہ ’’تمہارے سپرد اہم کام ہے، تم سے پہلے ناپ تول میں کمی کرنے کی وجہ سے اُمتیں ہلاک ہو گئیں‘‘۔ (ترمذی)

حدیث شریف

حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پیمانہ اور ترازو رکھنے والوں کو صحیح طورپر تولنے کی ہدایت فرمائی اور فرمایا کہ ’’تمہارے سپرد اہم کام ہے، تم سے پہلے ناپ تول میں کمی کرنے کی وجہ سے اُمتیں ہلاک ہو گئیں‘‘۔ (ترمذی)