حدیث شریف

حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے فرمایا: ’’کیا تم اس بات پر راضی نہیں کہ میرے ساتھ تمہاری وہی نسبت ہو، جو حضرت ہارون علیہ السلام کو حضرت موسیٰ علیہ السلام سے تھی‘‘۔ (بخاری شریف)

حدیث شریف

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تم سے پہلے کے لوگوں یعنی بنی اسرائیل میں ایسے لوگ بھی ہوا کرتے تھے، جن کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی طرف سے کلام فرمایا جاتا تھا، حالانکہ وہ نبی نہ تھے۔ اگر اُن میں سے میری اُمت کے اندر بھی کوئی ہے تو وہ عمر (رضی اللہ تعالیٰ عنہ) ہے‘‘۔ (بخاری شریف)

حدیث شریف

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا مؤمن نہ تو طعن کرنے والا ہوتا ہے نہ لعنت کرنے والا، نہ فحش بکنے والا زبان دراز۔ (ترمذی)

حدیث شریف

حضرت حذیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا چغل خور جنت میں نہ جائیں گے ۔
(بخاری ، مسلم)

حدیث شریف

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو جگہ میرے گھر یعنی میری قبر اور میرے منبر کے درمیان ہے، وہ جنت کے باغوں میں سے ایک باغ ہے اور میرا منبر میرے حوض پر ہے‘‘۔ (بخاری شریف)

حدیث شریف

حضرت سعد رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو کوئی مدینہ کے رہنے والوں کے ساتھ مکر کرے گا، وہ ایسا گھل جائے گا جیسا پانی میں نمک گھل جاتا ہے‘‘۔ (بخاری و مسلم)

حدیث شریف

حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ حکم دیا ہے کہ ’’جس جانور کو ہم قربان کریں، اس کی آنکھ کان کو اچھی طرح دیکھ لینا چاہئے کہ ان میں کوئی نقص نہ ہو‘‘۔ (ابن ماجہ)

حدیث شریف

حضرت حاطب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس نے میرے بعد میری قبر کی زیارت کی تو گویا اُس نے میری زندگی میں میری زیارت کی۔ جو مکہ یا مدینہ میں مر گیا، وہ قیامت میں عذاب سے بے خوف ہوکر اُٹھے گا‘‘۔ (بیہقی)

حدیث شریف

حضرت حسین بن علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس شخص نے حسن اعتقاد اور ثواب کی نیت سے قربانی کی، تو یہ قربانی اُس کے لئے دوزخ سے نجات کا ذریعہ بن جائے گی‘‘۔ (طبرانی)

حدیث شریف

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’قربانی کے ہر بال پر ایک نیکی ملتی ہے‘‘۔ (ترمذی)

حدیث شریف

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ذی الحجہ کے پہلے عشرہ میں ہر نیک عمل اللہ تعالیٰ کو انتہائی محبوب ہے۔ ان دنوں میں ہر دن کا روزہ ایک سال کے روزوں کے برابر اور ہر رات شب قدر کے قیام کے برابر ہے‘‘۔ (ترمذی)

حدیث شریف

حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ذی الحجہ کے شروع کے دس دنوں میں سبحان اللّٰہ والحمد للّٰہ ولاالٰہ الااللّٰہ کثرت سے پڑھا کرو‘‘۔ (طبرانی)

حدیث شریف

حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’زم زم کا پانی اگر کوئی دشمن سے پناہ حاصل کرنے کے لئے پیے گا تو اُسے پناہ دی جائے گی‘‘۔ (مسلم)

حدیث شریف

حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے زم زم کا پانی پیتے وقت فرمایا: ’’میں اس پانی کو قیامت کی پیاس بجھانے کے لئے پی رہا ہوں‘‘۔ (احمد)

حدیث شریف

حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس نے کعبہ کا طواف کیا اور دو رکعت نماز پڑھی، اُس کو ایک غلام آزاد کرنے کا ثواب دیا جائے گا‘‘۔ (ابن ماجہ)

حدیث شریف

حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’جس نے کعبہ کا پچاس بار طواف کرلیا، وہ اپنے گناہوں سے ایسا پاک ہو گیا، جیسے اس کی ماں نے اس کو آج ہی جنا ہے‘‘۔ (ترمذی)

حدیث شریف

حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’طواف بھی نماز کی طرح ہے۔ اگر طواف میں کوئی بات کہو تو خیر کی بات کہا کرو‘‘۔ (ترمذی)

حدیث شریف

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا اللہ تعالیٰ حجاج کے لئے ہر روز ایک سو بیس رحمتیں نازل کرتا ہے۔ ان میں سے ساٹھ طواف کرنے والوں کے لئے لکھی جاتی ہیں، چالیس نماز پڑھنے والوں کے لئے اور بیس ان کے لئے لکھی جاتی ہیں جو صرف کعبہ کو دیکھتے رہتے ہیں۔ (بیہقی)

حدیث شریف

حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’حجر اَسود کو بوسہ دینا اور رُکن یمانی کو مَس کرنا خطاؤں کے لئے کفارہ ہے‘‘۔ (احمد)