کوہلی کو غیر ضروری نشانہ بنایا جارہا ہے : انوراگ ٹھاکر حمیرپور 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی کے سابق صدر انوراگ شرما نے اس احساس کا اظہار کیا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ کے چیف کوچ کی حیثیت سے انیل کمبلے کے استعفے کے لئے ویراٹ کوہلی کو غیر ضروری طور پر نشانہ بنایا جارہا ہے اور کہاکہ تلخ و ناخوشگوار واقعہ کے لئے بورڈ کے موجودہ طریقہ کار کو جواب دینا ہوگا۔ رواں ماہ کے اوائل میں چیمپئنس ٹروفی کے اختتام پر کمبلے نے کپتان کوہلی سے اختلاف کی بنیاد پر استعفیٰ دے دیا تھا لیکن یہ نہیں کہا تھا کہ ان دونوں کے درمیان آخر وہ کیا بات ہوئی تھی جس کی بنیاد پر اُنھیں عہدہ سے سبکدوش ہونا پڑا ہے۔ انوراگ ٹھاکر نے پی ٹی آئی سے کہاکہ ’’ویراٹ کو غیر ضروری طور پر نشانہ بنایا جارہا ہے۔ میرے خیال میں اس مسئلہ پر بحث اب ختم کردی جائے۔ ویراٹ میں آئندہ 10 سال کے دوران ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو نئی بلندیوں پر لیجانے کی صلاحیت ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اس کرکٹ (کوہلی) کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ماضی میں بھی کپتانوں اور سابق کپتانوں کو نشانہ بنایا جاچکا ہے‘‘۔