حدیث شریف
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’قیامت کی نشانیوں میں سے ایک یہ ہے کہ علم اُٹھ جائے گا اور جہالت قائم ہو جائے گی۔ شراب نوشی ہونے لگے گی اور کھلم کھلا زنا ہوگا‘‘۔ (بخاری شریف)
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’قیامت کی نشانیوں میں سے ایک یہ ہے کہ علم اُٹھ جائے گا اور جہالت قائم ہو جائے گی۔ شراب نوشی ہونے لگے گی اور کھلم کھلا زنا ہوگا‘‘۔ (بخاری شریف)
حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وعظ و نصیحت کے لئے کچھ دن مقرر کر رکھے تھے کہ کہیں ہم اُکتا نہ جائیں۔ (بخاری شریف)
حضرت جریر بن عبد اللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ’’میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ پر نماز پڑھنے، زکوۃ دینے اور ہر مسلمان کا بھلا چاہنے کی بیعت کی‘‘۔ (بخاری شریف)
حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو کچھ تم اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے خرچ کروگے، اس کا تمھیں اجر ملے گا، حتیٰ کہ بیوی کے منہ میں نوالہ بھی ڈالو (تو ثواب پالوگے)‘‘۔ (بخاری شریف)
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ایمان کی علامت انصار سے محبت کرنا اور نفاق کی علامت انصار سے بغض رکھنا ہے‘‘۔ (بخاری شریف)
حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس میں تین باتیں ہوں گی، وہ ایمان کی لذت پائے گا۔ جو اللہ اور رسول کو دُنیا بھر کی چیزوں سے محبوب جانے، کسی سے اللہ ہی کے لئے محبت رکھے اور کفر میں لوٹ کر جانے کو یوں بُرا سمجھے، جس طرح آگ میں جھونکے جانے کو بُرا سمجھتا ہے‘‘۔ (بخاری شریف)
حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کسی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پوچھا کس قسم کا اسلام اچھا ہے فرمایا کھانا کھلاؤ اور جسے جانتے ہو یا نہیں اسے سلام کرو (بخاری شریف)
حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا تم میں سے کوئی شخص مؤمن نہیں ہوسکتا یہاں تک کہ اپنے بھائی کے لئے بھی وہی پسند کرے جو اپنے لئے پسند کرتا ہے۔
(بخاری شریف)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے تم میں سے کوئی اس وقت تک مؤمن نہیں ہوسکتا جب تک کہ میں اسے اس کے والدین، اولاد اور دنیا بھر کے لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہوں۔
(بخاری شریف)
حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’مسلمان کو بُرا کہنا اور گالی دینا گناہ ہے اور مسلمان کو قتل کرنا کفر ہے‘‘۔ (مسلم شریف)
حضرت حارث بن وہب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اچھے اخلاق بہترین چیز ہے اور بداخلاق آدمی جنت میں داخل نہ ہوگا‘‘۔ (مشکوۃ شریف)
حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’مجھے تم لوگوں میں سب سے زیادہ پسند وہ شخص ہے، جس کے اخلاق اچھے ہیں‘‘۔ (بخاری شریف)
حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جو شخص جھوٹ کو چھوڑ دے اس کیلئے جنت میں محل بنایا جاتا ہے اور جس نے اپنے اخلاق کی اصلاح کی اس کے لئے بھی بہشت کے بلند مقام پر محل بنایا جاتا ہے۔ (ترمذی)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا اخلاق کا ادنیٰ درجہ یہ ہیکہ کسی کو تکلیف نہ دی جائے اور اخلاق کا اعلیٰ درجہ یہ ہیکہ لوگوں پر احسان کیا جائے (ابن ماجہ)
حضرت ابوامامہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’لباس کی سادگی ایمان کی علامتوں میں سے ایک علامت ہے‘‘۔ (ابوداؤد)
حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’کسی غریب مسلمان کو کپڑا پہنانے والا اللہ تعالیٰ کے پردہ میں ہے، جب تک غریب کے بدن پر کپڑے کا ایک تار بھی موجود ہے‘‘۔ (حاکم)
حضرت ابورافع رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس نے کسی میت کو غسل دیا اور اس کے عیب کو چھپایا تو اللہ تعالیٰ ایسے بندہ کے چالیس کبیرہ گناہ بخش دیتا ہے‘‘۔ (طبرانی)
حضرت ابورافع رضی اللہ تعالیٰ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس نے کسی میت کو قبر میں اُتارا تو گویا اس نے کسی کو قیامت تک کے لئے ایک مکان رہنے کو دیا‘‘۔ (طبرانی)
حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: جب میں نے کسی بندہ کی آنکھیں لے لیں تو ان کا بدلہ جنت کے سوا کچھ اور نہیں ہے‘‘۔ (ترمذی)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’افسوس اور بدنصیبی عرب کی کہ برائی (کے فتنے کا ظاہر ہونا) قریب آگیا، اس فتنہ میں وہی شخص نجات یافتہ اور فلاح یاب رہے گا، جس نے اپنا ہاتھ روکے رکھا‘‘۔ (ابوداؤد)