یہاں پر مذہب ‘ ذات اور جنس کے نام پر کسی کے ساتھ امتیاز نہیں برتا جائے گا۔ یوپی چیف منسٹر ادتیہ ناتھ کا وعدہ

گورکھپور(اترپردیش): چیف منسٹر ادتیہ ناتھ نے ہفتہ کے روز کہاکہ بی جے پی حکومت وزیراعظم نریندر مودی کے ترقی کے ایجنڈے پر کام کریں گے اور اترپردیش میں ذات پات ‘ مذہب اور جنس کے نام پر کسی کیساتھ امتیاز سلوک نہیں برتا جائے گا۔

چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف برداری کے بعد پہلے جلسہ عام سے یہاں پر خطاب کرتے ہوئے یوگی نے کہاکہ’’ میرا لئے یہ صرف ایک پوزیشن نہیں ہے ۔ یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے۔میں وزیر اعظم کے ترقی کے ایجنڈے کو ریاست میں نافذ کرونگا‘‘۔

انہوں نے مزیدکہاکہ حکومت کی پہلی ذمہ داری ریاست میں خواتین کی حفاظت ‘ ملازمت کا حصول‘ غنڈہ راج ‘ رشوت خوری ‘لاقانونیت اور انتشارکا خاتمہ ہے۔انہوں نے اترپردیش میں پارٹی کی تاریخ ساز کامیابی کا سہرہ پارٹی صدر امیت شاہ کے سر باندھا۔

ادتیہ ناتھ نے کہاکہ ’’کسی کو بھی یقین نہیں تھا کہ یو پی میں بی جے پی کامیاب ہوگی‘ مگر امیت شاہ کہتے تھے کہ300سیٹوں پر ہم کامیاب ہونگے اور پارٹی نے 325سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ‘‘۔بی جے پی لیڈر جو سابق میںیوگی ادتیہ ناتھ کے نام سے جانے جاتے تھے اب حکومت کی ویب سائیڈکے مطابق ادتیہ ناتھ یوگی بلائے جائیں گے۔


انہوں نے کہاکہ’’ اترپردیش حکومت ’ سب کاساتھ‘ سب کا وکاس‘کی راہ پر چلے گی۔ یہاں پر ذات ‘ مذہب اورجنس کے نام پر کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا‘‘۔

ادتیہ ناتھ نے یہ بھی کہاکہ’’ اترپردیش اب تک نذر انداز کیاجاتا رہا ہے ‘ مگر ایسا اگے نہیں ہوگا۔ادتیہ ناتھ نے کہاکہ ترقی صرف ایسٹرین یوپی یا گورکھپور تک محدود نہیں رہے گا۔

’’ میں ریاست کے22کروڑ عوام کو لاقانونیت اور انتشارسے چھٹکارہ کراؤں گا‘‘۔