مسلمانوں کے تعلق سے راہل گاندھی نے کچھ غلط نہیں کہا : ندیم جاوید

نئی دہلی : کانگریس صدر راہل گاندھی سے ان کی رہائش گاہ پر مسلم دانشوروں کی خصوصی ملاقات کروانے والے آل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے چیر مین او رسابق رکن اسمبلی جونپور ندیم جاوید نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے تعلق سے راہل گاندھی نے نہ کوئی غلط بات کہی اور نہ ہی اخباری صحافت نے غلط خبر شائع کی ۔
ندیم جاوید نے کہا کہ میں نے پوری خبر کا بغور مطالعہ کی ہے ۔راہل گاندھی نے صحیح بات کہی ہے کہ کانگریس مسلمانو ں کی پارٹی ہے کیونکہ وہ کمزور ہے ۔‘‘تو اس میں غلط بات کیا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ کیا ہم سچر کمیٹی کی رپورٹ بھول گئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کی حالت دلتوں سے بھی بد تر ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کسی ایک طبقہ کی ترقی سے نہیں ہوسکتی ۔ بلکہ ہر طبقہ کی ترقی سے ملک ترقی کرتا ہے اوریہی بات راہل گاندھی نے کہی ۔ندیم نے کہا کہ اگر ملک کو سوپر پاور بنانا ہے ، دنیا کے ترقی یافتہ ملکو ں کیساتھ ملک کو کھڑا کرنا ہے توپھر کمزور طبقہ کی بات کرنی ہوگی ۔ہمیں دلتوں اور مسلمانو ں کے مسائل اٹھانے ہوں گے ۔
انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ کمزوروں کی پارٹی رہی ہے اوریہی بات راہل گاندھی نے کہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی اقلتوں کے ساتھ اجلاس کریں گے جس میں قومی کنونشن کے تعلق سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا ۔ انھوں نے کہا کہ اس میں یہ بھی طے کیا جائے گا کہ کانگریس کی ۶۰؍ سالہ حکومت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانو ں کیلے کیا کیا کام کئے گئے ہیں ۔یہ سب باتیں مسلمانوں تک کیسے پہنچائی جائیں ۔ندیم جاوید نے کہا کہ الگ الگ طبقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے راہل گاندھی یوں ہی مسلسل ملاقات کرتے رہیں گے ۔