شاہی خاندان پر تنقید کرنے والے سعودی عالم تین بیٹوں سمیت گرفتار

ریاض : سعودی عرب میں اطلاعات کے مطابق حکام نے با اثر مبلغ سفرالحوالی او ران کے تین لڑکوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔برطانیہ میں مقیم حقوق انسانی کے سعودی کارکنوں کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں ایک ایسے وقت کی گئی ہیں کہ جب سفرالحوالی نے ایک کتاب شائع کی ہے جس میں سعودی عرب کے شاہی خاندان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔سفرالحوالی ۱۹۹۰ء میں اس وقت بھی جیل جانا پڑا تھا جب انہوں نے کویت میں عراقی فوج کو نکالنے کیلئے سعودی عرب میں امریکی فوجیو ں کی آمد کی او رامریکہ سے تعلقات کی مخالفت کی تھی ۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ۱۹۹۳ ء میں ان پر عوامی مقامات پر بات کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں درس وتدریس کے مختلف عہدوں سے ہٹادیاگیا تھا ۔اس وقت ان پر امن و امان کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیاگیاتھا ۔انہیں دوبارہ ۱۹۹۴ ء میں گرفتار کیاگیا تھا لیکن جلد ہی رہا کردیا گیا ۔فی الحال سعودی حکام نے گرفتاری کی وجوہات کے بارے میں نہیں بتایا ہے ۔

تاہم کہا جارہا ہیکہ حالیہ گرفتاریاں ملک میں حقوق انسانی کے کارکنوں ،مذہبی رہنماؤں اور دیگر کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔خیال رہے کہ جون میں ملک کی خواتین کی ڈرائیونگ پر عائد پابندی ختم کرنے سے چند ہفتہ قبل سعودی حکام نے خواتین کے حقوق کیلئے سرگرم ۷؍ خواتین وکلاء کو گرفتار کیا ہے ۔