ساتھی کی اہلیہ کے قتل کے الزام میں فوجی میجر گرفتار

نئی دہلی 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک ہندوستانی فوجی میجر کو آج اترپردیش میں میرٹھ سے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ یہ گرفتاری ایک اور فوجی میجر کی اہلیہ کے قتل کے سلسلہ میں عمل میں آئی ہے ۔ ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ فوجی میجر نکھل ہانڈا کو دہلی پولیس کی ایک ٹیم نے میرٹھ میں گرفتار کرلیا ۔ گرفتاری کے بعد انہوں نے میرٹھ پولیس کو اس کی اطلاع دی ۔ دوسرے فوجی میجر کی اہلیہ کی گلا کاٹی ہوئی نعش دہلی کنٹونمنٹ علاقہ کے برار اسکوائر کے قریب ہفتہ کو پائی گئی تھی ۔ ابتداء میں پولیس کو مطلع کیا گیا تھا کہ یہ خاتون ایک حادثہ میں فوت ہوئی ہے تاہم بعد میں جب نعش کا معائنہ کیا گیا تو پتہ چلا کہ اس کا گلا کاٹا گیا ہے ۔ ملزم آفیسر پر شبہ کیا جا رہا ہے کہ اس نے کار کو اس خاتون کے چہرے اور نعش پر چڑھا دیا تھا تاکہ اس واقعہ کو حادثہ کا رنگ دیا جاسکے ۔ یہ خاتون اپنے فوجی شوہر کی سرکاری گاڑی میں ہفتہ کو ڈرائیور کے ساتھ فوج کے دواخانہ کو گئی تھی ۔ جب یہ ڈرائیور اس خاتون کو واپس لیجانے آیا تو وہ وہاں موجود نہیں تھی ۔ سمجھا جارہا ہے کہ یہ خاتون اپنے فزیو تھراپی سشن کیلئے نہیں پہونچی ہے ۔بعد میں اس کی نعش دستیاب ہوئی ۔ کہا گیا ہے کہ یہ خاتون ایک اور میجر امیت دویدی کی اہلیہ تھی اور ملزم عہدیدار کا ان دونوں شوہر اور بیوی سے دوستانہ تھا ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ یہ یہ کسی ذاتی وجوہات کی بنا پر کیا گیا قتل ہوسکتا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس دہلی ویسٹ وجئے کمار نے بتایا کہ مشتبہ فوجی میجر سے پوچھ تاچھ کی جائے گی