رافیل کی دلالی میں نریندر مودی براہ راست ملوث : کانگریس صدر راہل گاندھی 

نئی دہلی : کانگریس صدر راہل گاندھی نے رافیل لڑاکا طیارہ سودہ کے معاملہ پر وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے وزیر اعظم بد عنوان ہیں او روہ دفاعی سودہ میں ہونے والی بد عنوان میں سیدھے طور پر ملوث ہیں لہذا انہیں استعفیٰ دیدینا چاہئے ۔ مسٹر گاندھی نے یہاں پارٹی کوارٹر میں منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ رافیل خریداری میں بڑا کرپشن ہوا ہے ۔ پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی سے اس کی جانچ کروائی جانی چاہئے ۔

مسٹر گاندھی نے کہا کہ تحقیقات سے دودھ کا دودھ او رپانی کا پانی ہوجائے گا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے سیدھے بدعنوانی کی ہے او ران کی بھی جانچ ہونی چاہئے ۔مسٹر گاندھی نے کہا کہ رافیل خریداری میں جس طرح سے پبلک سیکٹر کی کمپنی ایچ اے ایل سے ٹھیکہ چھین کر صنعتکار انیل امبانی کی کمپنی کو یہ کام دیاگیا ہے ۔ اس سے صاف ہے کہ خود کو ملک کا چوکیدربتانے والے مسٹر مودی انیل امبانی کے چوکیدار ہیں ۔ یہ براہ راست بد عنوانی کا معاملہ ہے ۔ اس بات کے تعلق کے شواہد فرانس سے مل رہے ہیں ۔پہلے فرانس کے سابق صدر فرانسو اولاند نے کہا کہ انیل امبانی کی کمپنی کو کام دینے کیلئے ہندوستانی حکومت نے کہا تھا او راب رافیل طیارہ بنانے والی کمپنی بھی یہی بات کہہ رہی ہے ۔

کانگریس صدر نے کہا کہ آج ملک کا اہم مسئلہ بد عنوانی ہے لیکن وزیر اعظم ا س پر کچھ نہیں بول رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں ملک کے نوجوانوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہندوستان کے وزیر اعظم بد عنوان ہیں ، ملک کے نوجوان روزگار کی تلاش میں ہیں ۔کانگریس صدر نے کہا کہ ہندوستان کے کسان پریشان ہیں ، خودکشی کررہے ہیں لیکن وزیر اعظم انیل امبانی کی چوکیداری کررہے ہیں۔