جے این یو طالب علم عمر خالد قاتلانہ حملہ میں بال بال بچ گئے 

نئی دہلی : دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو ) کے طالب علم عمر خالد پر ایک نامعلوم شخص نے کانسٹی ٹیوشن کلب کے باہر فائرنگ کی لیکن خوش قسمتی سے وہ اس قاتلانہ حملہ میں بچ گئے ۔ نئی دہلی رینج کے جوائنٹ پولیس کمشنر اجئے چودھری نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ یونائیٹیڈ اگیسنٹ ہیٹ ‘‘ کی جانب سے کانسٹی ٹیوشن کلب میں ایک پروگرام منعقد ہوکیاجارہاتھا جس کی اطلا ع مقامی پولیس کو نہیں دی گئی تھی ۔

اس پروگرام میں عمر خالد حصہ لینے آئے تھے اوروہ اپنے ساتھیوں کیساتھ کلب کے باہر چائے پی رہے تھے کہ اچانک ایک نامعلوم شخص آیا او ران پر حملہ کردیا ۔ مسٹر چودھری نے کہا کہ اس معاملہ کی جانچ کیلئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کرے گی اور عمر خالد کو طبی جانچ کیلئے دواخانہ لیجایاگیا ۔اس معاملہ میں موصول ہونے والی شکایت پر مبنی معاملہ درج کر کے مجرم کے خلا ف کارروائی کی جائے گی ۔

عمر خالد کے ایک ساتھی جو حملہ کے وقت عمر خالد کے ساتھ ہی تھے نے بتایا کہ جب ہم لوگ چائے پی رہے تھے اسی وقت ایک لڑکا آیا اور عمر پر پستول تان دی ۔ اس کے بعد ہاتھا پائی ہوئی اور حملہ آور گولی چلاکر فرار ہوگیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمر کو نشانہ بناکر گولی چلائی گئی تھی لیکن وہ بچ گئے ۔ حملہ آور نے دو گولیاں چلائیں۔