امریکہ کو پچھتانا پڑے گا : حسن روحانی

تہران: ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اگر امریکہ ایران او رعالمی طاقتوں کے مابین ہونے والے نیو کلیائی معاہدہ سے نکلتا ہے تو وہ واشنگٹن کو ا س فیصلہ پر پچھتا نا پڑے گا۔اتوار کوٹی وی پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں صدر روحانی نے کہا ہے کہ اگر نیو کلیائی معاہدہ سے نکلتا ہے تو آپ جلد دیکھیں گے کہ وہ اس طرح پچھتائے گا جیسے اس سے قبل تاریخ میں کبھی نہیں پچھتا یا ہوگا ۔

انھوں نے کہا کہ نیو کلیائی معاہدہ سے متعلق ٹرمپ کے کسی بھی فیصلے کی مزاحمت کے لئے ہمارے پاس منصوبہ ہے ۔واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ ۱۲؍ مئی کو یہ فیصلہ کریں گے کے آیا واشنگٹن کو اس نیو کلیائی معاہدہ میں شامل رہنا ہے یا نہیں ؟ انہوں نے یہ کہا کہ اگر معاہدہ میں ترمیم بشمول ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو محدود کرنے کی تجویز پر کام نہیں کیا جاتا تو وہ اس معاہدہ سے الگ ہوجائیں گے ۔چند دن قبل ہی ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کایہ بیان سامنے آیا تھا کہ ان کا ملک 2015ء کے نیو کلیائی معاہدہ پر عالمی طاقتوں سے دوبارہ مذاکرات نہیں کرے گا۔