نئی دہلی:کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے کہاکہ اگر ضرورت پڑی تو نجیب احمد کی گمشدگی کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھایاجائے گا۔یہ بات انہوں نے نجیب کی ماں سے اس وقت کہی جب معروف عالمی دین وملی رہنما مولانا اسرار لحق قاسمی کی قیادت میں ایک وفد نے ان سے ملاقات کی۔
انہوں نے نجیب کی والدہ نفیس فاطمہ سے پور ی بات سنجیدگی کے ساتھ سننے کے بعد یہ تیقن دیاکہ وہ اس معاملے میں اعلی پولیس افسران سے رابطہ کرکے اس کیس کے سلسلے میں ہونیو الی پیش رفت کے بارے میں واقفیت حاصل کریں گے او راسی کے ساتھ حکومت کی لاپرواہی کے خلاف اس معاملے پر ایوان پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ کشن گنج سے لوک سبھا رکن پارلیمنٹ مولانا اسرا ر الحق قاسمی نے آج تین ہفتوں سے لاپتہ جے این یو کے طالب علم نجیب احمد کے معاملے کے سلسلے میں نجیب احمد کی والدہ نفیس فاطمہ دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ کانگریس نائب صدر راہول گاندھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی او ر مطالبہ کیا کہ راہول گاندھی لاپتہ طالب علم کی تلاش میں ان کی مدد کریں۔