کلکتہ:سیاسی پارٹیوں کو سیاست میں فوج کو گھسیٹنے سے گریز کی اپیل کرتے ہوئے سینئر کانگریس لیڈر سچن پائلٹ نے آج مغربی بنگال کی ٹی ایم سی حکومت او رمرکزی بی جے پی حکومت دونوں پر زوردیا کہ مسلح افوا ج کے کام کاج کے بارے میں گھٹیا سیاست نہ کی جائے۔
پائلٹ نے یہاں میڈیاوالوں سے بات چیت میں کہاکہ ہم مغربی بنگال اور مرکز دونوں جگہ حکومتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ مسلح افواج کو معمولی سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہ کیاجائے ۔فوج کو سیاست میں نہیں گھسیٹا چاہئے۔آرمی قوم کے لئے لڑتی ہے ‘سلامتی کے لئے اپنی جان قربان کرتی ہے او رملک کی سکیورٹی کو یقینی بناتی ہے۔
سابق مرکزی وزیر پائلٹ نے کہاکہ اگر آرمی ریاست مغربی بنگال کی اطلاع کے بغیر چیکنگ کررہی ہے تو وزیر دفعہ کو بیان دینا چاہئے اگر آرمی ریاستی حکومت کو اطلاع دینے کے بعد چیکنگ کی ہے تو ریاستی حکومت کو اس کی وضاحت کرنا چاہئے۔کیونکہ آرمی کی جانب سے یہ واضح کردیا ہے گیا ہے کہ ہم نے اطلاع کے بعد یہ عمل انجام دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ میں ٹی ایم سی اور بی جے پی دونوں سے آرمی کو سیاست میں نہ گھسیٹنے کی اپیل کرتا ہوں۔ مغربی بنگال میں قومی شاہراؤں کے ٹول پلازہ کے پاس فوج کی تعیناتی پر آج پارلیمنٹ میں ہنگامہ ہوا۔ ٹی ایم سی اس اقدام کے پس پردہ ناپاک عزائم کا الزام عائد کیا‘ جس کی حکومت کی طرف سے پرزور تردیدکرتے ہوئے کہاگیا کہ یہ معمول کی مشق ہوئی جو مقامی حکام کی مکمل جانکاری کے ساتھ کی گئی۔