عمران خان کو 114 نشستیں ، حکومت بنانے چھوٹی جماعتوں کی تائید درکار

اسلام آباد /27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی 342 رکن قومی اسمبلی کے انتخابات میں عمران خاں کی پاکستان تحریک انصاف 270 کے منجملہ 114 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے لیکن 137 ارکان پر مشتمل سادہ اکثریت حاصل نہیں کرسکی جس کو تشکیل حکومت کیلئے چھوٹی جماعتوں سے تائید درکار ہے ۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی پاکستان مسلم لیگ(ن) 62 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت اور سابق صدر آصف زرداری کی پاکستان پیپلز پارٹی 43 نشستوں کے ساتھ تیسری بڑی جماعت کی حیثیت سے ابھری ہے ۔

مسئلہ کشمیر پر عمران خان کے بیان کا خیرمقدم
بھارت سے مثبت جواب کی امید: میرواعظ عمر فاروق

سری نگر، 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور پاکستان کے نئے متوقع وزیر اعظم عمران خان کے کشمیر سے متعلق بیان کا خیرمقدم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اس کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ حکومت ہند اس کا مثبت جواب دے گی۔ میرواعظ نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘کشمیری عوام کے درد و کرب کو محسوس کرتے ہوئے اس دیرینہ مسلے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے پی ٹی آئی سربراہ عمران خان صاحب کا بیان خوش آئندہ۔ کشمیری عوام اس کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ حکومت ہند اس کا مثبت جواب دے گی’۔بتادیں کہ عمران خان نے جمعرات کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ بنی گالہ میں پاکستانی قوم سے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو ‘ایک بڑا مسئلہ’ قرار دیا۔ انہوں نے ہند و پاک تعلقات میں بہتری کی وکالت کرتے ہوئے کہا ‘ اگر غربت کم کرنا چاہتے ہیں تو ہم ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کریں۔ ہمارے ایشو میں سب سے بڑا مسئلہ کشمیر ہے ۔ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی (ہورہی ہے )۔ ہمیں چاہیے کہ میز پر بیٹھ کر مسئلے کو حل کریں۔ یہی الزام تراشیاں چلتی رہیں تو مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ تعلقات بہتر کریں۔ آپ ایک قدم اٹھائیں ہم دو قدم اٹھائیں گے ۔ آپ قدم تو لیں’۔ خیال رہے کہ پاکستان میں 25 جولائی کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے اکثریت حاصل کی ہے ۔