یروشلم میں چاقو زنی کی دو وارداتیں تیسرا فلسطینی ریڈیو اسٹیشن بھی بند

یروشلم ۔ /29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) یروشلم کے پرانے شہر کے باب الداخلہ اور ایک بس اسٹاپ کے قریب چاقو زنی کی دو وارداتیں پیش آئیں جس میں دو افراد زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور کو ہلاک کردیا گیا ۔ جبکہ اسرائیل نے تشدد کیلئے اکسانے کا الزام عائد کرتے ہوئے تیسرا فلسطینی ریڈیو اسٹیشن بھی بند کردیا ۔ یہ حملے اور ریڈیو اسٹیشن کو بند کرنے کی کارروائی ایسے وقت کی گئی جبکہ اسرائیلی سکیورٹی فورسیس کو دو ماہ سے فلسطینی عوام کی چاقو سے حملہ ، بندوق کا استعمال اور کار ہجوم میں گھسادینے جیسے واقعات سے نمٹنے کیلئے سخت جدوجہد کا سامنا ہے ۔ چند ہفتہ قبل یروشلم میں سکیورٹی کارروائی اور فلسطینی پڑوسی علاقوں کی ناکہ بندی کے بعد یہ واقعات کسی قدر تھم گئے تھے لیکن پھر تشدد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ ایک 38 سالہ فلسطینی نے دمشق گیٹ کے قریب ایک اسرائیلی بارڈرپولیس آفیسر کو چاقو گھونپ کر معمولی زخمی کردیا ۔ بعد ازاں ایک غیرملکی خاتون کو بھی مغربی یروشلم میں بس اسٹیشن کے قریب چاقو گھونپ کر زخمی کیا گیا ۔

اسرائیلی پولیس ملازم زخمی ‘ حملہ آور ہلاک
یروشلم ۔29نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چاقو زنی کے ایک حملہ سے اسرائیلی سرحدی ملازم پولیس آج شدید زخمی ہوگیا جب کہ اس کے ساتھی پولیس عہدیداروں نے حملہ آور کو ہلاک کردیا ۔ چاقو زنی کا یہ واقعہ دمشق گیٹ کے قریب پیش آیا‘ جہاں سے فلسطینی اسرائیل سے ملحقہ مشرقی یروشلم میںداخل ہوتے ہیں ۔ اس طرح ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد یکم اکٹوبر سے جب کہ بے چینی کا آغاز ہوا تھا 99ہوگئی ۔ اُن میں سے نصف تعداد مبینہ طور پر حملہ آوروں کی ہیں جنہوں نے چاقو زنی ‘ خنجر زنی اور کار بم حملوں کے ذریعہ اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں کو ہلاک یا زخمی کیا تھا ۔ تشدد کے واقعات میں 17اسرائیلی ‘ ایک امریکی اور ایک اماراتی شہری ہیں ہلاک ہوچکے ہیں ۔ حالانکہ کشیدگی دور کرنے کیلئے گذشتہ ہفتہ وزیر خارجہ امریکی جان کیری نے اس علاقہ کا دورہ کیا تھا ۔ تاہم ان کا یہ دورہ بھی ناکام ثابت ہوا ۔