’’راہول گاندھی، فاروق عبداللہ، سلمان خورشید رشوت خور‘‘

رشوت خور سیاستدانوں پر کجریوال کی فہرست میں مودی شامل نہیں !!!
نئی دہلی ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے صدر اروند کجریوال نے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے انہیں رشوت خور قرار دیا اور کہا کہ راہول گاندھی کے علاوہ یو پی اے کے وزراء اور دیگر پارٹیوں کے قائدین کے خلاف ان (کجریوال) کی پارٹی اپنے امیدوار نامزد کرے گی۔ انہوں نے بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ نریندر مودی اور راہول گاندھی اپنی امیج اور شخصیت کو ابھارنے کی کوششوں پر فی کس 500 کروڑ روپئے خرچ کررہے ہیں۔ کجریوال نے ’’رشوت خور‘‘ سیاستدانوں کی ایک فہرست بناتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام کے خلاف اپنے امیدوار اتاریں گے۔

اس فہرست میں راہول گاندھی کے علاوہ یو پی اے کے کئی وزراء، ایس پی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو، بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی، وزیرفینانس پی چدمبرم، وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے، بی جے پی کے سابق صدر نتن گڈکری اور دوسرے بھی شامل ہیں۔ کجریوال عام آدمی پارٹی کی قومی کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے، جس میں ملک میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے عام آدمی پارٹی کے والینٹروں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں نے ملک کے ’’بددیانت‘‘ (سیاستدانوں) کی فہرست تیار کی ہے۔ اگر آپ کو اس فہرست میں کوئی دیانتدار سیاستداں کا نام ملے تو مجھے اطلاع دیجئے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں ملک کے عوام سے اپیل کررہا ہوں کہ وہ اس بات کی توثیق کریں کہ آیا ان (سیاستدانوں) کو شکست دینا چاہئے یا پھر پارلیمنٹ بھیجنا چاہئے‘‘۔

کجریوال نے کہا کہ ان کی پارٹی راہول گاندھی، مرکزی وزراء شنڈے، چدمبرم، کپل سبل، جی کے واسن، سلمان خورشید، ویرپا موئیلی، سری پرکاش جیسوال، کمل ناتھ، پون کمار بنسل، ارکان پارلیمنٹ نوین جندال، اوتار سنگھ بھدانا، انوٹنڈن، سریش کلمڈی اور آسام کے چیف منسٹر ترون گوگوئی کے خلاف اپنے امیدوار نامزد کرے گی۔ کجریوال نے کہا کہ ’’میں نے فہرست کی تیاری شروع کردی ہے اور شام تک آپ (عام آدمی پارٹی کے کارکن) بھی اپنی فہرست تیار کرتے ہوئے میرے حوالے کریں‘‘۔ انہوں نے راہول گاندھی اور نریندر مودی پر اپنی امیج اور شخصیت کو ابھارنے پر کروڑوں روپئے صرف کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ دونوں اپنی امیج ابھارنے کیلئے فی کس 500 کروڑ روپئے خرچ کررہے ہیں۔ صرف خود کو ابھارنے کیلئے 500 کروڑ روپئے خرچ کرنے والے افراد کیا ایک دیانتدار حکومت فراہم کرسکتے ہیں؟ اقتدار پر آنے کی صورت میں یہ رقومات وہ ہم سے وصول کریں گے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کا مقصد اقتدار پر قبضہ کرنا نہیں بلکہ رشوت ستانی کا خاتمہ کرنا ہے۔

کجریوال نے کہا کہ ’’ہمارا مقصد اقتدار پر قبضہ کرنا اور بی جے پی یا کانگریس جیسی سیاست کرنا نہیں ہے بلکہ ہمارا مقصد یہ ہیکہ کوئی بھی رشوت خور لیڈر یا پھر خاندانی و مورثی سیاست سے وابستہ کوئی بھی شخص پارلیمنٹ میں داخل نہ ہوسکے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر فاروق عبداللہ، ڈی ایم کے کے ارکان پارلیمنٹ الاگری، اے راجہ، کن موزھی اور این سی پی قائدین و مرکزی وزراء شردپوار و پرفل پٹیل کے خلاف بھی عام آدمی پارٹی اپنے امیدوار نامزد کرے گی۔ بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ اس (بی جے پی) قائدین انوراگ ٹھاکر، نتن گڈکری، قومی سکریٹری اننت کمار اور کرناٹک کے سابق چیف منسٹر یدی یورپا کے خلاف امیدوار کھڑا کرے گی۔ انہوں نے کرناٹک کے سابق چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی اور وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی کے خلاف بھی اپنے امیدوار کھڑا کرے گی۔