۔755 امریکی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم:پوٹین

ماسکو ۔ /30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدر روس ولادیمیر پوٹین نے آج کہا ہے کہ امریکہ کے 755 سفارتکاروں کو فوری ملک چھوڑدینا ہوگا ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ واشنگٹن کے ساتھ باہمی تعلقات طویل عرصہ تک تعطل شکار رہیں گے ۔ امریکہ کی جانب سے عائد کردہ نئی تحدیدات کے بعد روس نے یہ جوابی قدم اٹھایا ہے ۔ اس سے پہلے روس کی وزارت خارجہ نے واشنگٹن سے اپنے سفارتی ارکان کی تعداد کو ستمبر تک 455 کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ کیونکہ امریکہ میں روسی سفاروں کی تعداد بھی اتنی ہی ہے ۔ پوٹین نے ایک ٹیلی ویژن چیانل کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ امریکی سفارتخانے اور قونصل خانے میں اب بھی ایک ہزار سے زائد افراد کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 755 افراد کو فوری اپنی سرگرمیاں روک دینی ہوگی ۔ پوٹین نے کہا کہ روس اور امریکہ کے مابین تعلقات میں جو تبدیلی آئی ہے اس کے بعد فوری اس میں بہتری کی توقع نہیں کی جاسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کافی طویل انتظار کیا اور توقع تھی کہ حالات بہتر ہوں گے ۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ اگر حالات بہتر ہوں تو بھی اس کیلئے کافی وقت درکار ہوگا ۔ امریکی سینٹ نے جمعرات کو ایک بل منظور کرتے ہوئے روس کے خلاف پابندیاں سخت کردی تھیں ۔