۔4 ماہ میں 65,250 کروڑ کی بلیک منی کا افشاء مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کا بیان

نئی دہلی ۔ یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ 4 ماہ کے دوران آمدنی افشاء اسکیم سے استفادہ کرتے ہوئے تقریباً 65,250 کروڑ روپئے کی بلیک منی کا اعلان کیا گیا۔ جبکہ یہ اسکیم 30 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگئی۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج یہ اطلاع دی اور بتایا کہ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے بلیک منی کے رضاکارانہ اعلان کے لئے خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے تھے جہاں پر گزشتہ 4 ماہ کے دوران 64,275 ڈیکلریشن داخل کئے گئے ہیں۔ تاہم آن لائن اور شخصی طور پر پیش کردہ ڈیکلریشن ملادیئے جائیں تو یہ اعداد و شمار بڑھ بھی سکتے ہیں۔ کُل 65,250 کروڑ کی بلیک منی کا افشاء کیا گیا ہے جس میں 45 فیصد بطور ٹیکس اور جرمانہ حکومت کو حاصل ہوں گے۔ حکومت نے غیر قانونی طریقہ پر دولت پوشیدہ رکھنے والوں کو یہ سہولت فراہم کی تھی کہ 45 فیصد ٹیکس اور جرمانہ عائد کرکے اپنی سیاہ دولت کو سفید بنالیں۔ وزیر فینانس نے بتایا کہ 1997 ء میں بھی اس نوعیت کی ایک رضاکارانہ آمدنی افشاء اسکیم کا اعلان کیا گیا تھا اور اس وقت 7 لاکھ ڈیکلریشنس کے ساتھ 9,760 کروڑ کی بلیک منی کا افشاء ہوا تھا اور جاریہ سال نافذالعمل اسکیم سے محصلہ ٹیکس کی رقم کو عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کیا جائے گا۔