یو جی سی کو ختم کرکے نیا کمیشن بنانے کی تیاری

نئی دہلی : فروغ وسائل کی مرکزی وزارت ملک کی یونیورسٹیوں کو ریگو لیٹ کرنیوالے ادارے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی ) کو ختم کرکے اس جگہ نیا کمیشن کی تشکیل دینے کی تیاری میں ہے ۔وزارت نے اس کا ڈرافٹ بھی تیار کرلیا ہے ۔ڈرافٹ کے مطابق ہندوستان کا نیا ہائر ایجوکیشن کمیشن پوری طرح اکیڈمک امور پر توجہ مرکوز کرے گا ۔جب کہ مالی اختیارات وزارت کے ماتحت ہوں گے ۔

مانسون اجلاس میں حکومت اس ڈرافٹ کو پارلیمنٹ میں پیش کرسکتی ہے ۔تو جی سی کو ختم کرنے کیلئے حکومت نے جو ڈرافٹ بنایا ہے اسے ہائر ایجوکیشن کمیشن آف انڈیا ایکٹ ۲۰۱۸ء کے نام سے جانا جائے گا ۔وزارت کے مطابق یہ اطلاع بہت جلد سب کے سامنے لائی جائے گی ۔او ر۷؍ جولائی تک اس ڈرافٹ بل کو لے کر لوگوں کی رائے طلب کی جائے گی ۔حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس نئے ادارے کے ذریعہ ملک کے اعلی تعلیمی اداروں کو زیادہ خود مختاری ملے گی ۔

فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈکر نے ماہرین تعلیم ، دانشوران او رعام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ڈرافٹ پر وزارت کی ویب سائٹ پراپنے مشورے دے سکتے ہیں ۔پہلی بار کمیشن کے پااکیڈمک معیارات کے پیمانوں کو نافذ کرنے کا اختیار ہوگا ۔اسے فرضی اداروں کو بند کرنے کاحکم دینے کا بھی اختیار ہوگا ۔ڈرافٹ کے مطابق حکم کی تعمیل نہیں کرنے پر جرمانہ یا جیل کی سزا ہوسکتی ہے ۔

اس بل کے قانون بن جانے کے بعد ملک بھر میں اعلی تعلیم کے لئے بنائے گئے کمیشن اورکونسل ختم ہوجائیں گے۔یہ ڈرافٹ ملک میں موجود تمام یونیورسٹیوں اور اداروں کے لئے ایک گائیڈ کی طرح کام کرے گا ۔او ر نئے کورس کے بارے میں سب کوتجاویز بھی دے گا ۔اگر چہ یہ کمیشن کسی بھی ادارے یا یونیورسٹی یا پھر تکنیکی ادارہ کو گرانٹ نہیں دے سکے گا ۔گرانٹ کے لئے کمیشن صرف وزارت تعلیم کو سفارش کر سکے گا ۔