یوپی میں مایاوتی اورقومی سطح پر سونیاگاندھی عظیم اتحاد کی قیادت کریں : سابق گورنر او رسینئر کانگریس لیڈر عزیز قریشی

لکھنؤ : کانگریس ، بی ایس پی او رایس پی کے ساتھ دیگر چھوٹی جماعتیں متحدہ طور پر عام انتخابات لڑیں توبی جے پی کے وجئے رتھ نہ صرف روکا جاسکتا ہے بلکہ اسے اقتدارسے بے دخل بھی کیاجاسکتا ہے ۔یوپی ،میزورم اور اتراکھنڈ کے سابق گورنر اور کانگریس کے سینئر لیڈر عزیز قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔انہوں نے مزید کہا کہ یوپی میں عظیم اتحاد کی قیادت مایاوتی کریں اورقومی سطح پرسونیا گاندھی کریں وزارت عظمیٰ کے عہدہ کے لئے موزو ں لیڈر کا نام مابعد انتخابات طے ہو ۔

عزیز قریشی نے ہجومی تشدد کیلئے براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا او رکہا کہ ان عناصر کو حکومت سے سرپرستی حاصل ہوتی ہے اوراس وجہ سے ایسے واقعات بار بار ہوتے ہیں ۔اگر پولیس ، ریاستی انتظامیہ اورحکومت اسی طرح خاموش تماشائی بنی رہی تو اسطرح کے واقعات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی موجودگی میں ہاپوڑ واقعہ انجام دیا گیا اورایک بے قصور کی جان لے لی گئی ۔قریشی نے یوگی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ کے اہل خانہ کو ۵۰؍ لاکھ روپے معاوضہ دینے اوران خاندانوں کے کاروبار کیلئے مناسب بندوبست کریں ۔ انھوں نے کہا کہ یوپی میں کانگریس ۔ایس پی ۔ بی ایس پی اگر متحد ہوجائیں اورکچھ دیگر پارٹیوں کوبھی اپنے ساتھ لے لیں توبی جے پی کوباآسامی شکست دی جاسکتا ہے ۔

راہل گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی لیڈران ان کی محنت کو اپنی نا اہلی کے سبب ناکام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ راہل کو ان لیڈران سے ہوشیار رہناہوگا جو صرف سوشل میڈیا کے سہارے سیاست کررہے ہیں ۔عزیز قریشی نے کہا کہ کانگریس کو دلت ، مسلمانو ں او رپسماندہ طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کی پرانی پالیسی کو اپناناہوگا ۔