یوپی انتخابات میں پولیس کے رول پر الیکشن کمیشن کی نظر

 

 

دولت اور طاقت کے استعمال پر بھی کڑی نگرانی کی جائیگی، چیف الیکشن کمشنر، نسیم زیدی کا بیان

لکھنؤ ۔ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے آج کہا کہ وہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں پولیس کے رول پر کڑی نظر رکھے گا۔ آئندہ سال ہونے والے ان انتخابات میں دولت اور طاقت کے استعمال پر بھی خصوصی نگرانی رکھی جائے گی۔ چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی نے سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد یہ بھی کہا کہ ریاست اترپردیش میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ اگر پولیس اسٹیشن کی سطح پر سخت ترین کارروائی کی جائے تو یہ انتخابات آزادانہ اور منصفانہ طریقہ سے ہوں گے۔ سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کے دوران یہ اندیشے ظاہر کئے گئے تھے کہ پولیس کی طاقت کو بعض پارٹیوں کی جانب سے غلط استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ایک پارٹی کے حق میں پولیس فورس اپنی طاقت کا بیجا استعمال کرسکتی ہے۔ نسیم زیدی نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ہم پولیس پر کڑی نظر رکھیں گے۔ آنے والے انتخابات میں ہماری اصل توجہ پولیس اسٹیشنوں پر مرکوز ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی نگاہ پولیس اسٹیشنوں کے ساتھ ساتھ ان تمام عناصر پر بھی ہوگی جو آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں خلل پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ اگر پولیس نے اپنا رول بہتر طریقہ سے ادا کیا تو پھر آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں کوئی مسئلہ حائل نہیں ہوگا۔

چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن تو سب انسپکٹرس کے تعلق سے بھی شکایات وصول ہوئی ہیں جنہیں پولیس اسٹیشنوں کا انچارج بتایا جاتا ہے۔ انسپکٹر سطح کے عہدیداروں کے بجائے سب انسپکٹرس کو جب پولیس اسٹیشنوں کا انچارج بنایا جاتا ہے تو مسائل پیدا ہوتے ہیں اور وہ سیاسی پارٹیوں کی ایماء پر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہدایت دی ہیکہ پولیس اسٹیشنوں کا چارج انسپکٹر رتبہ کے عہدیداروں کے تفویض کیا جانا چاہئے۔ ایک سوال پر کہ زائد از 50 فیصد پولیس اسٹیشنوں کو خاص ایک طبقہ سے تعلق رکھنے والے پولیس عہدیداروں کی نگرانی میں دیا گیا ہے۔ نسیم زیدی نے کہا کہ پولیس اسٹیشن پر تقررات کو الیکشن کمیشن کی پالیسی کے مطابق عمل میں لایا جائے گا۔ سیاسی پارٹیوں کی اس درخواست پر کہ پرچہ جات نامزدگی کے ادخال سے قبل مرکزی فورس کو تعینات کیا جانا چاہئے تاکہ پرچہ جات نامزدگیاں داخل کرنے سے امیدواروں کو روکنے کے واقعات کا پتہ چلایا جاسکے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایسے اندیشوں کے پیش نظر ان مقامات پر مرکزی فورس کو تعینات کرنے کی کوشش کرے گی جہاں ایسے واقعات ہونے کا اندازہ ہوتا ہے۔