یوم تاسیس تلنگانہ پر حکم التواء جاری کرنے سے ہائی کورٹ کا انکار

حیدرآباد یکم جون ( این ایس ایس ) آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے تلنگانہ ریاست کے یوم تاسیس پر حکم التواء جاری کرنے سے آج انکار کردیا کیونکہ آندھرا پردیش کی تقسیم سے متعلق ایک مقدمہ سپریم کورٹ میں زیر تصفیہ ہے۔ ریاستی ہائی کورٹ میں ایک شخص سنجیوا ریڈی نے درخواست دائر کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے یوم تاسیس پر حکم التواء جاری کرنے کی استدعا کی تھی۔ درخواست گذار نے الزام عائد کیا تھا کہ اے پی تنظیم جدید قانون 2014میں کئی نقائص ہیں تاہم عدالت عالیہ نے دونوں فریقوں کی بحث کی سماعت کے بعد رولنگ دی کہ یوم تاسیس تلنگانہ پر حکم التواء جاری نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ریاست کی تقسیم کے خلاف ایک مقدمہ عدالت عظمی میں بھی زیر تصفیہ ہے ۔ عدالت نے آئندہ پیشی کو موخر کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں زیر دوراں مقدمہ کے بعد اس مسئلہ پر احکام جاری کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

تلنگانہ کابینہ کا آج پہلا اجلاس
حیدرآباد۔یکم جون (سیاست نیوز) ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر رائو 2 جون کی صبح حلف برداری اور سکندرآباد پریڈ گرائونڈ پر منعقد ہونے والی تقاریب میں شرکت کے بعد سکریٹریٹ پہنچیں گے جہاں ان کی صدارت میں نئی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوگا۔