یمن کے قیدخانوں پر فضائی حملے ‘ 60 افراد ہلاک

اقوام متحدہ کا امن معاہدہ ‘ جلاوطن صدر عبدالرب ہادی منصور نے مسترد کردیا

صنعا۔30اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کئی قیدی اور صیانتی ارکان عملہ اندیشہ ہے کہ سعودی زیر قیادت فضائی حملوں میں ہلاک ہوگئے ‘ جن سے صیانتی ہیڈ کوارٹرس مغربی ساحلی بندرگاہ میں دو قیدخانوں پر کئے گئے ۔ صیانتی اور طبی عہدیداروں نے کہا کہ کل فضائی حملے الزیدیہ ہیڈ کوارٹرس پر جو بحراحمر کی بندرگاہ عدیدا کے ہیڈ کوارٹر میں واقع ہے کئے گئے ۔ اُس عمارت میں دو قید خانے تھے۔  کئی قیدی  اور  فوجی فضائی حملوں سے ہلاک ہوگئے ۔ شہر پر یمن کے حوثی باغیوں کا قبضہ ہے جنہوں نے 2014ء میں شمالی یمن میں واقع دارالحکومت صنعا پر قبضہ کیا تھا ۔ حوثیوں کے ٹی وی نٹ ورکس المسیرہ کے بموجب 60افراد فضائی حملوں میں ہلاک ہوئے لیکن فوری طور پر اس تعداد کی توثیق نہیں کی جاسکی ۔ فضائی حملے لڑاکا طیاروں کی بمباری کے چند گھنٹوں بعد کئے گئے ۔ بمباری کا نشانہ مغربی یمن کے شہر تائیز میں شہریوں کی قیام گاہیں تھیں ۔ اس بمباری سے کم از کم 18 افراد بشمول بچے ہلاک ہوگئے ۔

یہ حملے آج دن میں قبل ازیں کئے گئے تھے ۔ تازہ ترین فضائی حملے ایک ایسے وقت کئے گئے جب کہ یمن کے جلاوطن صدر نے امریکی امن معاہدہ کو جس کا مقصد ملک کی تباہ کن خانہ جنگی کا خاتمہ ہے ‘ مسترد کردیا اور کہا کہ یہ یمن کے باغیوں کیلئے ’’ انعام ‘‘ ہے ۔ مجوزہ امن معاہدہ کے تحت صنعا پر قابض حوثیوں کو آئندہ حکومت میں حصہ فراہم کرنا ہے ۔ یہ امن معاہدہ صدر کے بعض اختیارات میں بھی کمی کرتا ہے اور باغیوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ بڑے شہروں سے دستبرداری اختیار کرلیں ۔ جلاوطن صدر حال ہی میں اقوام متحدہ کے دورہ یمن کے موقع پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کل یہ تبصرہ کیا تھا ۔ جلاوطن صدر یمن عبدالرب ہادی کے بیان کے بموجب یمنی عوام نے مرکزی نظریات کی مذمت کی ہے ۔ علاوہ ازیں مبینہ لائحہ عمل کی بھی مذمت کی ہے جو اس نظریہ پر مبنی ہے کہ امن معاہدہ مزید مصائب اور جنگوں کا دروازہ کھول دے گا ۔ ہادی نے کہا کہ جو نظریات پیش کئے گئے ہیں ان کے ذریعہ مزید جنگوں کی راہ ہموار ہوگی ۔ یہ باغی قائدین کیلئے ایک انعام اور یمنی عوام کیلئے سزاء سے کم نہیں ہے ۔ ہادی نے کہا کہ اگر باغیوں کی بغاوت ناکام بنائی جائے تو عاجلانہ بنیادوں پر امن بحال ہوسکتا ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں کے مطابق ہوگا ‘ جن کے بموجب باغیوں کو ہتھیار ڈال کر شہروں سے دستبردار ہونا چاہیئے ۔