یمن میں کار بم حملہ ، 2گارڈس ہلاک

عدن۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک کار بم دھماکہ نے یہاں کی وزارت مالیات کی عمارت کو شدید نقصان پہنچایا جبکہ عمارت کی نگرانی کے لئے مامور دو گارڈس بھی ہلاک ہوگئے اور 4 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ دریں اثناء ایک سکیورٹی ذریعہ نے شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ اب تک یہ معلوم نہیں ہوا ہے کہ کار چلانے والا خودکش بم حملہ آور تھا یا نہیں جبکہ کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ وزارت مالیات کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ یاد رہے کہ عدن کو بھی حالیہ دنوں میں کئی بم دھماکوں کا سامنا کرنا پڑا ہے جن میں خودکش بم حملہ بھی شامل ہے جس میں اب تک سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ان حملوں کی ذمہ داری دولت اسلامیہ نے اپنے سر لی تھی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ یمن کی جنگ میں اب تک 8,650 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں اکثریت شہریوں کی ہے۔