ہندوستان کے 29 شہروں کو شدید زلزلہ کا خطرہ

دہلی کے بشمول 9 ریاستوں کے دارالحکومتوں کا سنگین زلزلہ زدہ زونس میں شمار
نئی دہلی ۔ /30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے 29 شہروں کو شدید زلزلہ کا خطرہ ہے ۔ دہلی اور 9 ریاستوں کے دارالحکومتوں کے بشمول یہ شہر اور ٹاؤنس کو سنگین زلزلہ زدہ زونس میں شمار کیا جارہا ہے ۔ قومی مرکز برائے زلزلہ پیمانہ جات کے مطابق ان شہروں میں شدید زلزلہ آسکتے ہیں ۔ ان شہروں اور مقامات کی اکثریت ہمالیائی علاقہ میں ہے جو دنیا میں سب سے خطرناک زلزلہ کی زد میں رہنے والا خطہ شمار کیا جاتا ہے ۔ دہلی ، پٹنہ (بہار) سرینگر (جموں و کشمیر) کوہیما (ناگالینڈ) پوڈوچرن گوہاٹی (آسام) گینگ ٹک (سکم) شملہ (ہماچل پردیش) دہرہ دون (اتراکھنڈ) امپھال (منی پور اور چندی گڑھ) زلزلہ کے چوتھے اور پانچویں زونس میں شمار کئے جاتے ہیں ۔ ان شہروں کی جملہ آبادی زائد از 3 کروڑ ہے ۔ بیوریو آف انڈین اسٹانڈرڈس نے ملک میں مختلف خطوں کی زمرہ بندی کی ہے ۔ II تا V زونس بناتے ہوئے انہیں زلزلہ کی زد میں آنے والے علاقہ قرار دیا ہے ۔ زون II میں بہت ہی کم زلزلہ کے جھٹکے ہوں گے جبکہ زونس V کو زلزلہ کے لئے نہایت ہی خطرناک قرار دیا گیا ہے ۔ زون V میں پورا شمالی مشرقی خطہ اور جموں و کشمیر کے حصہ آتے ہیں ۔ ہماچل پردیش ، اتراکھنڈ ، اور گجرات کا رن آف کچھ ، شمالی بہار کا حصہ بھی اسی زون میں آتا ہے ۔ وزارت ارتھ سائینس نے مسٹر ایم راجیون نے کہا کہ ملک میں 31 نئے زلزلہ پیما کا پتہ چلانے والے آبرویٹریز قائم کئے جائیں گے ۔ اس وقت 84 آبزرویٹریز ہیں ۔ دہلی اور کولکتہ جیسے شہروں میں زلزلہ کے جھٹکوں کے امکانات کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ یہ ملک کے مختلف مقامات پر قائم کئے جانے والے آبزرویٹریز کے ذریعہ زلزلہ کی پیشگی پتہ چلانے کی کوشش کی جائے گی ۔