ہندوستان کا بکھراؤ روکنا ، اکھنڈتا کو یقینی بنانا سردار پٹیل کا کارنامہ

ملک کے اولین وزیرداخلہ کے کارہائے نمایاں کی خاطرخواہ پذیرائی نہیں ہوئی۔ نائب صدر وینکیا نائیڈو کا خطاب

نئی دہلی ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نہ صرف جدید ہندوستان کے معمار بلکہ اسے متحد کرنے والے بھی رہے لیکن ان کے غیرمعمولی رول کو مناسب پذیرائی حاصل نہیں ہوئی۔ سردار پٹیل بے غرض لیڈر تھے جنہوں نے غیرمعمولی یکسوئی اور اخلاص کے ساتھ ہندوستان کی قسمت سنواری۔ نائب صدر نے ان خیالات کا اظہار ہندوستان کے اولین وزیرداخلہ کے 142 ویں یوم پیدائش کی یاد میں یہاں نہرو میموریل میوزیم اینڈ لائبریری میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہیکہ سردار پٹیل کے غیرمعمولی سیاسی رول کو مناسب ڈھنگ سے تسلیم نہیں کیا گیا اور نہ اس کی پذیرائی ہوئی جس طرح ہونا چاہئے تھا۔ انہوں نے ملک کی تاریخ کے نہایت نازک مرحلہ پر ’اکھنڈتا‘ کو یقینی بنایا۔ سردار پٹیل کا یوم پیدائش ملک بھر میں ’راشٹریہ ایکتا دیوس‘ کے طور پر منایا جارہا ہے۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ سردار پٹیل نہ صرف گاندھی جی کے قریبی معاون رہے بلکہ ان کے اصولوں پر سختی سے کاربند بھی رہا کرتے تھے۔ انہوں نے ملٹری کمانڈر جیسی سرعت اور بصیرت افروز لیڈر کی سوجھ بوجھ کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی سیاسی سالمیت کو ٹھوس شکل دی۔ نائب صدر نے کہا کہ سردار پٹیل نے ایک مدبر کے ویژن کا عملی مظاہرہ کیا۔

ان کے سوجھ بوجھ، حکمت عملی اور عملی طور پر مناسب رویہ میں ملک کو بکھرنے سے روکے رکھا اور زائد از 560 رجواڑوں کے یونین آف انڈیا کے ساتھ ایسے نازک اور پرآشوب دور میں انضمام کو یقینی بنایا جبکہ ملک تاریخ کے اہم موڑ سے گذر رہا تھا۔ نائب صدر نے کہا : ’’یہ کام اس لحاظ سے بہت غیرمعمولی ہیکہ اسے کوئی خونریزی کے بغیر انجام دیا گیا‘‘۔ سردارپٹیل کے عظیم کاموں میں انڈین ایڈمنسٹریٹیو سرویس کی تشکیل شامل ہے جو کبھی ’مشن‘ ہوا کرتا تھا لیکن اب بعض کیلئے ’کمیشن‘ بن چکا ہے۔ نائب صدر نے کہا کہ سردار پٹیل کا اکھنڈ بھارت کے ویژن نے آل انڈیا ایڈمنسٹریٹیو سرویس کی تشکیل یقینی بنائی جسے انہوں نے فولادی چوکھٹ قرار دیا۔ یہ ملک کیلئے ان کے عظیم کارناموں میں سے ہے۔ سردار پٹیل پروبیشنرس کو تاکید کیا کرتے تھے کہ نظم و نسق میں حد درجہ غیرجانبداری اور بدعنوانی سے پاک کام کاج کو برقرار رکھے۔ یہ باتیں آج بھی اتنی ہی اہمیت و مطابقت رکھتی ہے جتنی اُس وقت تھیں۔ وینکیا نائیڈو نے اس موقع پر دو روزہ نیشنل کانفرنس اور ایگزیبیشن کا افتتاح بھی کیا جو سردار پٹیل کی زندگی اور ان کے کارہائے نمایاں کو اجاگر کرے گی۔ اس موقع پر وزیر ثقافت مہیش شرما بھی موجود تھے۔ سردار پٹیل 31 اکٹوبر 1875ء کو پیدا ہوئے اور 15 ڈسمبر 1950ء کو ان کا دیہانت ہوا تھا۔