ہندوستان میں 76 فیصد ایل ای ڈی بلبس ناقص اور غیرمعیاری

نئی دہلی ۔30اکٹوبر۔( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں فروخت کئے جانے والے تقریباً 76 فیصد ایل ای ڈی بلبس انتہائی ناقص اور حکومت کی جانب سے مقررہ کردہ سیفٹی اسٹانڈرڈ کی تعمیل نہیں کرتے ۔ مارکٹ ریسرچ فرم نیلسن نے چار بڑے شہروں دہلی ، ممبئی ، احمدآباد اور حیدرآباد میں دو سو ریٹیل آؤٹ لیٹس کے سروے کے بعد یہ رپورٹ تیار کی ۔ جولائی میں کئے گئے اس سروے میں پتہ چلا کہ ایل ای ڈی برانڈ کی اکثریت بی آئی ایس قواعد اور منسٹری آف الکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی کے وضع کردہ رہنمایانہ ہدایات کی تعمیل نہیں کررہی ہے۔ سروے میں پتہ چلا کہ 48 فیصد ایل ای ڈی بلب برانڈس پر مینوفیکچرنگ کرنیوالی کمپنی کا درج نہیں ۔ اسی طرح 31 فیصد برانڈس پر مینوفیکچررس کا نام درج نہیں کیا گیاہے ۔ یہ ہندوستانی لیگل میٹرولوجی قواعد کی خلاف ورزی ہے ۔ اسی طرح ایل ای ڈی ڈاؤن لائیٹ کے معاملے میں بھی 45 فیصد برانڈ نے مینوفیکچررس کا نام اور 51 فیصد برانڈ نے اُن کا پتہ درج نہیں کیا ہے ۔ الکٹرانک لیمپ اور اس کے اجزاء تیار کرنے والی تنظیم کے مطابق ہندوستان میں ایل ای ڈی مارکٹ کی قدر تقریباً 10ہزار کروڑ روپئے ہے ۔ اسوسی ایشن کے صدر راکیش زوتشی نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایل ای ڈی لائیٹس کی مارکٹ میں دیانتدارانہ مسابقت کو خطرہ لاحق ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ناقص ایل ای ڈی بلب اور ڈاؤن لائیٹ تیار کرنے والے حکومت کو جی ایس ٹی بھی ادا نہیں کررہے ہیں ۔