ہندوستانی آبدوز کی پاکستانی حدود میں گھسنے کی کوشش ناکام

ہم نے امن کی خاطر آبدوز کو نشانہ نہیں بنایا، پاکستان نیوی کا بیان
کراچی ، 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نیوی نے آج دعویٰ کیا کہ اس نے اپنے ملک کے آبی حدود میں گھسنے ہندوستانی آبدوز کی کوشش کو ناکام بنادیا ہے۔ یہ رپورٹ دو نیوکلیر اسلحہ سے لیس پڑوسیوں کے درمیان کشیدگیاں بڑھنے کے دوران سامنے آئی ہے جس کا پس منظر 14 فبروری کو کشمیر کے ضلع پلوامہ میں پیش آئے خودکش دہشت گردانہ حملہ ہے جس میں 40 سنٹرل ریزرو پولیس فورس پرسونل ہلاک ہوئے، جس کی ذمہ داری پاکستان نشین جیش محمد نے قبول کی ہے۔ پاکستان نیوی نے ایک فوٹیج کا میڈیا کے ساتھ تبادلہ بھی کیا ہے، جسے اس نے ’’حقیقی‘‘ بتایا۔ امیج میں ظاہر کیا گیا کہ یہ فوٹیج 4 مارچ کو 2035 بجے بنایا گیا۔ ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نیوی نے آبدوز کو دور رکھنے اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لایا اور اسے پاکستانی آبی حدود میں گھسنے سے باز رکھنے میں کامیابی پائی۔ ترجمان نے کہا کہ ہندوستانی آبدوز کو دانستہ طور پر پاکستان نے نشانہ نہیں بنایا تاکہ امن کو موقع دیا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان امن پالیسی پر عمل پیرا ہے، نیز ہندوستان کو اس واقعہ سے ضرور سبق سیکھ کر امن کی طرف پیش رفت کرنا چاہئے۔ پاکستان نیوی اپنے علاقائی آبی حدود کی حفاظت کیلئے ہمیشہ تیار ہے اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا پوری قوت کے ساتھ جواب دینے کے قابل ہے۔ بحری فورسیس نے دعویٰ کیا کہ نومبر 2016ء کے بعد سے یہ دوسری کوشش ہوئی اور انھوں نے ہندوستانی بحریہ کو ملک کے آبی حدود میں دراندازی کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا ہے۔ قبل ازیں 2016ء میں پاکستان نیوی نے کامیابی سے ایک ہندوستانی آبدوز کو ملک کے آبی حدود میں داخلے سے باز رکھا تھا۔