ہماری بات

پیارے بچو ! شیکسپئیر کا قول ہے کہ دنیا ایک اسٹیج ہے ۔ انسان دنیا کے اسٹیج پر اپنا رول ادا کرتا ہے اور چلا جاتا ہے ۔یہ صرف ایک قول نہیں بلکہ زندگی کی حقیقت بھی ہے ۔ ہر قول زندگی کی کسی نہ کسی سچائی کیک طرف اشارہ کرتا ہے یا زندگی کے کسی مخصوص پہلو پر زور دیتا ہے اور غور کرنے کیلئے اکساتا ہے ۔ اس لئے کسی بھی قول کو جلد بازی میں پڑھ کر آگے نہیں بڑھنا چاہئے ۔

بلکہ ٹھہر ٹھہر کر بہت دھیان سے اس وقت تک پرھتے رہنا چاہئے جب تک کہ قول کا مطلب دل و دماغ میں اتر نہیں جاتا ۔ قول بظاہر یک سطری ہوتا ہے لیکن زندگی کی بے سمت سطروں کو سمت عطا کرسکتا ہے ۔ اس لئے اسے امتحان کے سوالات اور جوابات کی طرح رٹ کر بھول نہیں جانا چاہئے ۔ امتحان میں اچھی طرح لکھے گئے جوابات اچھے نمبرات سے کامیابی دلاسکتے ہیں لیکن اچھے اقوال زندگی بھر کامیابی کے نمبرات میں اضافہ کرتے رہتے ہیں ۔ اسی طرح شخصیت میں نکھار کیلئے کہانیاں بھی بہت اہم رول ادا کرتی ہیں ۔ تمہارا معصوم ذہن کہانی کے کرداروں میں اپنے آپ کو تلاش کرتا ہے یا پھر کہانی کے کسی اچھے کردار کو اپنا آئیڈیل بناکر غیر محسوس طریقے سے اپنی شخصیت کو اس کردار میں ڈھالنے لگتا ہے ۔ اس لئے زیادہ سے زیادہ کہانیاں اور تاریخی شخصیات کی سوانح عمری پڑھے کی کوشش کرو کہ انہیں پڑھ کر ان بے مثال کرداروں کی عملی مثال بن سکو ۔
…چاچاجان