ہماری بات

پیارے بچو! اللہ تعالیٰ نے انسانی زندگی کیلئے غذا کو لازم قرار دیا جو ہماری جسمانی نشوونما اور زندہ رہنے کیلئے ضروری ہے۔ کھانا کھانے کے بھی کچھ آداب ہوتے ہیں جو ہمارے نبی کریمؐ نے ہمیں بتائے ہیں۔ کھانے کا سنت طریقہ یہ ہے کہ کھانا کھانے سے پہلے دونوں ہاتھوں کو دھوکر کلّی کریں اور نہایت عاجزی کے ساتھ دستر خوان پر بیٹھ جائیں۔
بسم اللہ پڑھ کر سالن نکالیں، پھر دائیں ہاتھ سے روٹی کا لقمہ سالن لگاکر منہ میں ڈالیں۔ لقمہ خوب چباکر کھائیں۔ لقمہ درمیانہ لینا چاہئے تاکہ چبانے میں وقت نہ ہو۔ اگر ایک برتن میں دو تین آدمی مل کر کھا رہے ہوں تو اپنے سامنے سے کھانا چاہئے۔ دوسرے کے سامنے سے لقمہ نہیں اُٹھانا چاہئے۔ اگر کھانے کے دوران چھینک آئے تو دوسری طرف چھینکو، کھانا مناسب مقدار میں کھانا چاہئے۔ یعنی ضرورت سے تھوڑا سا کم ہی کھانا چاہئے۔ اگر کھاتے وقت کوئی لقمہ گر جائے تو اسے صاف کرکے کھالینا چاہئے۔ کھانا ختم کرتے ہوئے برتن کو صاف کرنا چاہئے۔ اگر انگلیوں کے ساتھ سالن وغیرہ لگا ہو تو اسے چاٹ لینا چاہئے۔ کھانا کھا کر اللہ کا شکریہ ادا کرنا چاہئے اور مسنون دعاؤں میں سے کوئی ایک دعا پڑھنی چاہئے۔ کھانا کھاکر ہاتھوں کو دھونا چاہئے تولئے سے صاف کرنا چاہئے۔ پانی کھانا شروع کرتے وقت پہلے پی لیں یا کھانے کے دوران پئیں آخر میں پانی نہ پئیں۔
… …چاچا جان