ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے ۔ جب ستیہ ناڈیلا نے مرزا غالب کے شعر کا حوالہ دیا

نئی دہلی 30 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مائیکرو سافٹ کے ہندوستانی نژاد سی ای او ستیہ ناڈیلا نے مرزا غالب کے ایک شعر کا حوالہ دیتے ہوئے ہندوستانی تاجروں سے کہا کہ وہ حوصلہ مندی اختیار کریں۔ انہوںنے ہندوستانی تاجروں کے وینچرس کیلئے مائیکرو سافٹ سے مدد کی پیشکش کی ۔ ناڈیلا نے آج وزیراعظم نریندرمودی اور وزیر آئی ٹی و مواصلات روی شنکر پرساد سے ملاقات کی ۔ یہ مائیکرو سافٹ کے سی ای او بننے کے بعد ناڈیلا کا تیسرا دورہ ہے ۔ انہوں نے مرزا غالب کے اس شعر کا حوالہ دیا ’ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے ۔ بہت نکلے مرے ارماں لیکن پھر بھی کم نکلے ‘ ۔ یہاں ایک تقریب میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ غالب کے اس شعر سے کچھ نیا سیکھتے ہیں۔ اس میں کئی معنی ہیں۔ یہ صرف اتنا نہیں ہے کہ آپ کے خواب پورے ہوں۔ یہ بات یہ بھی ہے کہ آپ خواب دیکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس سے حوصلہ ملتا ہے ۔