ہری کرشنا کی نعش کے ساتھ سیلفی

کامنینی ہاسپٹل کے نرسنگ اسٹاف کی رسوا کن حرکت
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : نرسنگ اسٹاف کے سیلفی شوق نے انسانیت کو شرمسار کردیا ہے ۔ 2 دن قبل حیدرآباد سے نیلور جانے کے دوران ضلع نلگنڈہ میں سڑک حادثے میں شدید زخمی ہونے والے تلگو فلم اسٹار و سیاستداں ہری کرشنا کو نارکیٹ پلی میں واقع کامنینی ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا ۔ جہاں ہری کرشنا زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح تیزی سے پھیل گئی ۔ ہری کرشنا کا ارکان خاندان اور دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عوام صدمے میں تھے لیکن مقدس پیشہ طب سے وابستہ کامنینی ہاسپٹل کا نرسنگ اسٹاف جس میں ایک مرد اور تین خواتین شامل تھے مسکراتے ہوئے ہری کرشنا کی نعش کے ساتھ نہ صرف سیلفی لی ہے بلکہ اس کو سوشیل میڈیا پر شیر بھی کردیا ہے جو تیزی سے وائرل ہوگئی جس کی عوام کی جانب سے شدید مذمت کی جارہی ہے ۔ اس خود غرض معاشرے میں سیلفی لینے کا رجحان تمام حدود کو پار کررہا ہے ۔ بیماروں کی تیمار داری اور نعشوں کے ساتھ سیلفی لینا فیشن بن گیا ہے ۔ بلکہ یہ حرکتیں رشتوں کو پامال کے علاوہ انسانیت کو رسوا کرنے کے موجب بن رہی ہے ۔ سیلفی اخلاقی گراوٹ کو نقطہ عروج پر پہونچا دیا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔۔