ہری کرشنا کی مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسوم

حیدرآباد 30 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) اداکار و سیاستدان این ہری کرشنا کی آخری رسومات آج مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ ادا کی گئیں۔ ہری کرشنا کل ایک سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے تھے ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو ‘ سابق سپریم کورٹ جج جسٹس جے چلمیشور اور دوسروں نے ان کے ارتھی کے جلوس میں حصہ لیا ۔ قبل ازیں نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے ہری کرشنا کی قیامگاہ پہونچ کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور غمزدہ ارکان خاندان کو پرسہ دیا ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ہری کرشنا اپنے والد این ٹی آر کی طرح سنجیدہ شخصیت کے مالک تھے ۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی ہری کرشنا کو خراج پیش کیا ۔ ہری کرشنا سابق چیف منسٹر این ٹی آر کے فرزند تھے اور کل نلگنڈہ میں ان کا کار حادثہ میں انتقال ہوگیا تھا ۔

ہری کرشنا کی یادگار قائم کرنے اراضی مختص : حکومت
حیدرآباد۔ 30 اگست (سیاست نیوز) سرکاری اعزازات کے ساتھ ہری کرشنا کی آخری رسومات انجام دینے والی ٹی آر ایس حکومت نے ایک اور اہم فیصلہ کرتے ہوئے جوبلی ہلز میں واقع مہا پرستھانم میں ہری کرشنا کی یادگار قائم کرنے کیلئے اراضی مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے اس سلسلے میں احکام جاری کردیئے اور عہدیداروں کو آنجہانی ہری کرشنا کے ارکان خاندان سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد یادگار قائم کرنے پر زور دیا۔ ذرائع کے مطابق ہری کرشنا کے ارکان خاندان نے ان کی آخری رسومات معین آباد کے فارم ہاؤز میں انجام دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ ہری کرشنا کے بڑے فرزند جانکی رام کی آخری رسومات بھی معین آباد کے فارم ہاؤز میں انجام دی گئی تھی، تاہم حکومت کی جانب سے ہری کرشنا کی آخری رسومات سرکاری اعزازات کے ساتھ انجام دینے کا فیصلہ کرنے کے بعد آخری رسومات کے مقام کو تبدیل کردیا گیا۔ مہا پرستھانم میں آخری رسومات انجام دینے کا حکومت نے فیصلہ کیا تھا جس سے ہری کرشنا کے ارکان خاندان نے اتفاق کیا ہے۔