ہانگ کانگ

بچو!ہانگ کانگ، عوامی جمہوریہ چین کے دو نیم خود مختار علاقوں میں سے ایک ہے، اسے بھی ’’سٹی اسٹیٹ‘‘ قرار دیا جاتا ہے۔ 1999ء تک یہ علاقہ سلطنت برطانیہ کی علمداری میں تھا۔ یہاں کی معیشت میں بھی سیاحت کا کردار نہایت اہم سمجھا جاتا ہے۔ گزشتہ سال 84 لاکھ سیاح بیرون ملک سے ہانگ کانگ کی سیر کیلئے آئے تھے۔ یوں تو پورے ہانگ کانگ کو ہی سیاحوں کی جنت کہا جاتا ہے لیکن یہاں خاص طور پر وکٹوریہ پیک ، اسٹینلے، ری پلس بے، انٹرنیشنل فینانس سنٹر، وکٹوریہ ہاربر، ابردین ہاربر، لان کوائی فونگ، سوہو اور اوشین پارک کو قابل دید مقامات قرار دیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہاں کے مرکزی تجارتی و کاروباری علاقے کو کولون کہا جاتا ہے۔ وہاں بھی ہانگ کانگ آرٹ میوزیم، ایوینیو آف اسٹارز، کلاک ٹاور، کلچرل سنٹر، ہسٹری میوزیم، کولون پارک، اوشین ٹرمینل اور سائنس میوزیم جیسے مقامات موجود ہیں جو سیاحوں کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرتے ہیں۔

کوالالمپور
یہ آبادی کے لحاظ سے ملائیشیا کا سب سے بڑا شہر ہے۔ گزشتہ سال ل89 لاکھ سیاحوں نے اس شہر کی سیر کی۔ کوالالمپور کو دنیا بھر میں شاپنگ کا بھی ایک بڑا مرکز مانا جاتا ہے جہاں بڑی تعداد میں جدید ترین سہولتوں سے مزین شاپنگ سنٹرس اور مال موجود ہیں۔ پیٹروناس ٹوئن ٹاورس کو اس شہر کی دنیا بھر میں پہچان قرار دیا جاتا ہے جسے ’’تائپے 101‘‘ بننے سے پہلے تک دنیا کی بلند ترین عمارت ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔ اس شہر کے دیگر قابل دید مقامات میں داتارن مردیکا (آزادی چوک)، پارلیمنٹ ہاؤز، نیشنل پیالیس، کوالالمپور ٹاور، نیشنل میوزیم، سنٹرل مارکٹ اور قومی یادگار وغیرہ شامل ہیں۔ اس شہر میں بے شمار خوبصورت مساجد بھی ہیں جن میں جامع مسجد، قومی مسجد اور فیڈرل ٹیریٹری مسجد وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ باتو کے غار، نیشنل سائنس سنٹر، پٹالنک اسٹریٹ، رائل سیلانگور وزیٹرس سنٹر اور نیشنل زو وغیرہ بھی ایسے مقامات ہیں جنہیں دیکھے بغیر کوالالمپور کی سیر مکمل نہیں ہوسکتی۔