گھر آئینہ ہوتا ہے

نئے گھر کے انتخاب اور تزئین و آرائش میں جدت خواتین کی اولین ترجیح بنتی جارہی ہے ۔ جس طرح خواتین پرکشش نظر آنے کیلئے اچھے ملبوسات ، جوتوں اور دیگر سامان کا انتخاب کرتی ہیں اسی طرح اس بات کی بھی خواہش مند ہوتی ہیں کہ جس گھر میںوہ رہائش پذیر ہیں اس کی سجاوٹ بھی اس انداز سے کی جائے کہ جوکوئی بھی دیکھے تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے ۔ گھر آپ کے ذوق کا آئینہ دار ہوتا ہے ۔ موجودہ دور کے تقاضے الگ ہیں ، گھر چھوٹے ہوگئے ہیں ، اب ان کے مطابق گھر کی سجاوٹ کیلئے نت نئے انداز نظر آرہے ہیں ۔ ان میں سب سے زیادہ جس چیز پر توجہ دی جارہی ہے وہ ہے گھر میں شیشے یعنی ٹرانسپرنٹ گلاس کا استعمال ، مغرب میں تو یہ انداز نیا نہیں ، اگرچہ ہمارے لئے یہ نیا ہے ۔ سمنٹ کی دیواروں اور دروازوں کی جگہ شیشے کی دیواروں اور دروازوں کا استعمال گھر کی خوبصورتی کو چار چاند لگادیتے ہیں اور کشادگی کا احساس ہوتا ہے ۔

یہی نہیں اب تو مکان کی چھتوں پر بھی چھوٹے بڑے مختلف سائز کے سجاوٹی ٹرانسپرنٹ شیشوں کے استعمال کا رحجان بڑھتا جارہا ہے ۔ جسے ’’ گلاس روف ‘‘ کہا جاتا ہے ۔ اگر شیشے کا استعمال نہ کرنا چاہیں تو شیشے کی طرز کا ٹرانسپرنٹ پلاسٹک بھی لیا جاسکتا ہے ۔ یہ نسبتاً مضبوط ہوتا ہے اور اس کے خراب ہونے کا خدشہ بھی کم رہتا ہے ۔ یہ بازار سے بہ آسانی مل جاتا ہے ۔ لیکن اگر چھتوں کی سجاوٹ شیشے سے ہی کرنا چاہتی ہیں تو پھر مضبوطی اور پائیداری کو ہرگز نظر انداز نہ کریں بلکہ انہیں اہمیت دیں ۔ آپ کے ذہن میں یہ سوال تو ضرور آیا ہوگا کہ آخر گھروں میں شیشے کی چھتیں بنانے کا رواج کیونکر آگیا ہے اور اس کے کیا فائدے ہیں ۔تو ہم آپ کو یہ بتاتے چلیں کہ اس کا سب سے بڑا فائدہ تو یہ ہے کہ کمرے میں دھوپ اور روشنی کا گذر باآسانی ہوگا جو انسانی صحت کیلئے انتہائی مفید ہے ۔ شیشے کی چھت سے نا صرف تازہ ہوا اور دھوپ حاصل کی جاسکے گی بلکہ اس سے کمرہ بھی روشن ، کشادہ نظر آئے گا اور دن کے اوقات میں بغیر لائیٹ جلائے سن لائیٹ سے مستفید ہوسکیں گی ۔ اس سے بجلی کی بچت بھی ہوگی اور قدرتی روشنی کا بھرپور فائدہ بھی اٹھایا جاسکے گا ۔ اس کے ساتھ گھر میں بیٹھے بیٹھے ہی مختلف موسموں مثلاً برسات ، صبح کی خنکی ، رات میں بادلوں اور ستاروں سے گھرے آسمان کا منظر بھی صوفے پر بیٹھ کر آرام سے دیکھ سکیں گی جبکہ گرمیوں کے موسم میں اگر شیشے یا پلاسٹک کی چھت سے تپش کا احساس زیادہ ہوتو اس کا بھی حل ہے ۔ وہ یہ کہ اسے ترپال یا موٹے کپڑے سے ڈھانپ دیں ۔ تپش کم ہوجائے گی ۔ گھر کی تزئین و آرائش میں شیشے کی چھتوں کا انتخاب اچھا اضافہ ہے اور اس سے خواتین اپنے گھر کو منفرد اور جاذب نظر بناسکتی ہیں ۔ چاہیں تو جزوی طور پر شیشوں کا استعمال کرلیں ۔