گورکھپور اسپتال میں مزید تیرہ اموات‘ اگست کے مہینے میں309بچوں کی موت

گورکھپور:ریاستی حکومت کی نگرانی میں چلائے جارہے بابا راگھو داس میڈیکل کالج اور اسپتال ‘ گورکھپور میں جمعرا ت کے روز مزید تیرہ بچوں کی موت کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد اسپتال کے اندرماہ اگست کے دوران مرنے والے بچوں کی تعداد 309تک پہنچ گئی ہے۔

اسی کے ساتھ جاریہ سال اسپتال میں مرنے والے کی تعداد بھی1,269تک پہنچ گئی ہے۔تازہ اموات کی توثیق کرتے ہوئے کالج کے نئے پرنسپل ڈاکٹر پی کے سنگھ نے پی ٹی ائی کو بتایا کہ ’’اگست30سے نصف شب تک59بچوں کو اسپتال میں شریک کیاگیا ہے۔

ان میں سے تیرہ کی موت واقعہ ہوگئی‘ اب 54بچوں کا اسپتال میں علاج کیاجارہا ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ سیلاب کا پانی وارڈ میں داخل ہونے کے بعد انفیکشن کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ سنگھ نے کہاکہ’’ ہم نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو دودھ اور گرم پانی دیں‘ دیگر غذاؤں سے فی الحال اجتناب کریں۔

ہماری زیادہ تر توجہہ بی ڈی آر میڈیکل کالج کی صفائی پر ہے‘ والدین سب سے پہلے بچوں کواپنے قریبی سرکاری اسپتال اور کلینک کو لے جاکر چیک آپ کرائیں‘‘۔اسپتال کے عہدیداروں کو کہنا ہے کہ جو بچے یہاں پر علاج کے لئے لائے گئے ہیں ا ن میں اکثر کا وزن کم ہے اور کچھ مقررہ وقت سے قبل ہی پیدا ہونے والے بچے ہیں۔