گوا میں عمارت منہدم ، 14 ہلاک ، کئی افراد ملبہ میں پھنس گئے

کناکونا ( گوا ) ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : گوا کے دارالحکومت پاناجی سے تقریبا 60 کیلو میٹر دور کناکونا میں زیر تعمیر عمارت منہدم ہوگئی جس کے نتیجہ میں 14 ورکرس ہلاک ہوگئے اور کئی افراد ملبہ میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ پولیس کے مطابق سہ منزلہ عمارت روبی ریسڈنسی کا ایک حصہ منہدم ہوگیا اور یہاں کام کررہے 50 سے زائد افراد اس کے نیچے دب گئے ۔ راحت کاری کاموں کے لیے فوج کو طلب کرلیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر منوہر پریکر راحت کاری کاموں کی شخصی طور پر نگرانی کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلڈر کے خلاف ایف آئی آر درج کرلیا گیا ہے اور ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے گی ۔بتایا جاتا ہے کہ ممبئی کے ایک بلڈر کی طرف سے یہ عمارت تعمیر کی جارہی تھی۔ چیف منسٹر نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور ذمہ داروں کو سخت سزاء دینے کا اعلان کیا۔