گنّے کی کاشت کا آغاز کب ہوا ؟

بچو! جنوبی بحرالکاہل کے جزائر پر آباد لوگوں نے اب سے تقریباً آٹھ ہزار سال قبل گنے (Sugar Cane) کی باقاعدہ کاشت کا آغاز کیا تھا۔ قدیم زمانے میں بھی شکر کے حصول کے لئے اس پودے کی وسیع پیمانے پر کاشت کی جاتی تھی۔ شکر کی کئی اقسام ہیں۔ البتہ جب کبھی لوگ شکر یا چینی کی بات کرتے ہیں تو ان کا عمومی مطلب ہوتا ہے سکروز(Sucrose) سکروز وہ شکر ہے جو گنے سے حاصل کی جاتی ہے۔
گنا دراصل ایک قسم کی گھاس ہے جس کا پودا عام گھاس کی بہ نسبت لمبا اور مضبوط ہوتا ہے۔ یہ حاری اور نیم حاری ممالک میں اُگتا ہے۔ گنے کے پودے کا مضبوط اور موٹا تنا میٹھے رس سے بھرا ہوتا ہے۔ اس رس یا شیرے سے جسے ’’ راب ‘‘ کہا جاتا ہے شکر، گڑ اور چینی تیار کئے جاتے ہیں۔ رس نکال لینے کے بعد گنے کے پھوک اور باقیات کو ایندھن کے طور پر جلانے اور بجلی کی پیداوار کے علاوہ دیگر کئی مقاصد کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ فرکٹوز (Fructose) چینی کی وہ قسم ہے جو تقریباً تمام پھلوں اور سبزیوں سے تیار کی جاتی ہے۔ فرکٹوز سکروز کی نسبت دگنی میٹھی ہوتی ہے۔ فرکٹوز کو جلیٹین، جیلی، مشروبات اور سیرپ وغیرہ کو میٹھا کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ شہد میں بھی فرکٹوز کی بھاری مقدار موجود ہوتی ہے۔