گری راج سنگھ کا افطار پارٹی پر اعتراض ، مسلمانوں کے خلاف دوبارہ زہرافشانی

سخت گیر ہندو نظریہ کے حامی بی جے پی رہنما گری راج سنگھ نے مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کی افطار پارٹی پر اعتراض جتایا ہے۔مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سینئر رہنما گری راج سنگھ اپنے منتازع بیانات کے سبب اکثر سرخیوں میں رہتے ہیں۔اس بار انہوں نے کسی مخالف پارٹی پر نہیں، بلکہ بی جے پی، جے ڈی یو اور ایل جے پی کے لیڈران کی افطار پارٹی پر طنز کیاہے۔گری راج سنگھ نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر چند تصویروں کے ساتھ پوسٹ لکھا ہے، جس میں بہار کے بی جے پی، جے ڈی یو اور ایل جے پی کے رہنماوں کے خلاف بے پناہ طنز ہے۔گری راج سنگھ کے ذریعے شیئر کیے گئے تصویروں میں بہار کے وزیراعلی جیتن رام مانجھی، نائب وزیراعلی سشیل کمار مودی، سابق وزیراعلی جتین رام مانجھی، مرکزی رام ولاس پاسوان اور چراغ پاسوان ایک افطار پارٹی میں نظر آرہے ہیں۔گری راج سنگھ نے ان تصویروں کو شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’’کتنی خوبصورت تصویر ہوتی، جب اتنی ہی چاہت سے نوراتری پر پھلاہار کا اہتمام کرتے اور خوبصورت فوٹو اُترواتے؟؟ اپنے دھرم کرم میں ہم بچھڑ کیوں جاتے ہیں اور دکھاوا میں آگے رہتے ہیں؟‘‘بہار کے بیگو سرائے پارلیمانی حلقہ سے رکن پارلیمان گری راج کو مودی کی نئی کابینہ میں جگہ ملی ہے اور انھیں مویشیوں اور ماہی گری کی افزائش کے شعبے کا وزیر بنایا گیا ہے۔