گرمی دانے ، دھوپیلیاں یا گھموریاں

گرمی دانوں ، دھوپیلیوں یا گھموریوں کیلئے چند سادہ سے چٹکلے درج ذیل ہیں ۔
(1)  شراب نوشی ، تمباکو نوشی ، مضر صحت اور صحت پر بوجھ ڈالنے والے طرز زندگی سے گریز کریں ۔
(2)  نباتی مرہم یا لوشن جیسے آلوویرا لوشن استعمال کریں جن سے متاثرہ جلد کو آرام محسوس ہوتا ہو ۔
(3) اناپ شناپ غذا سے پرہیز کریں ۔ وقت بے وقت کھانے کی عادت ترک کردیں ۔
(4) تیزابیت پیدا کرنے والی یاسمیت غذاء پیدا کرنے والی غذائیں استعمال نہ کریں ۔
گھریلو چٹکلے :
گرمی دانوں یا دھوپیلیوں سے چھٹکارا پانے کے چند مجرب گھریلو چٹکلے درج ذیل ہیں :
(1) دھوپیلیوں سے نجات پانے کیلئے جو کا آٹا مفید گھریلو علاج ہے ۔ نہانے کے ٹپ میں تھوڑا سا جو کا آٹا ملادیں اور اچھی طرح ہلائیں ۔ پھر اس میں غوطہ لگائیں ۔ آپ کو جلن سے فوری نجات ملے گی اور جلد کو آرام محسوس ہوگا ۔
(2) دھوپیلیوں اور جلن سے نجات پانے کیلئے آپ کو یہ سادہ سا گھریلو نسخہ آزمانا چاہئے ۔ ایک سوتی کپڑا لیں یا اسفنج لے کر اسے سرد پانی میں ڈبو دیں ۔ اسے متاثرہ حصہ پر اس وقت تک رکھے رہیں جب تک کہ پورا پانی جذب نہ ہوجائے ۔ روزانہ دو تین بار کریں ۔
(3)  تیز دھوپ اور مرطوب فضاء کی وجہ سے ہونے والے گرمی دانوں یا دھوپیلیوں کے علاج کا ایک اور گھریلو نسخہ برف کے ٹکڑے ہیں ۔ برف کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے سرخ ابھرے ہوئے گرمی دانوں پر ملیں ۔ سرد برف کے ٹکڑے جلن کم کریں گے اور سرخ گومڑوں میں شگاف بھی ڈال دیں گے۔
(4) متاثرہ حصہ پر چنے کے بیسن کا لیپ کریں۔سرخ گومڑوں کو گیلے بیسن سے ڈھک دیں ۔ اور اسے خشک ہونے دیں ۔ پھر اسے سرد پانی سے دھو ڈالیں ۔ اس سے مردہ جلد نکل جائے گی اور جلن سے بھی نجات ملے گی ۔
(5) بڑ کے درخت کی چھال سکھاکر اس کا باریک سفوف بنالیں ۔ اسے متاثرہ مقام پر لگائیں ۔ یہ بھی گرمی دانوں سے نجات    دلواتا ہے ۔
(6) نہانے کے بعد آپ نباتی ( جڑی بوٹی کا ) بغیر خوشبو والا ٹالکم پاؤڈر بھی لگاسکتے ہیں ۔ اس سے جسم کی فاضل رطوبت جذب ہوجائے گی اور گرمی دانوں سے محفوظ رکھے گی ۔ روزانہ   4 سے 5 مرتبہ یہ عمل دہرائیں ۔
(7) گرمی دانوں سے چھٹکارا پانے کیلئے ملتانی مٹی بھی مفید ہے ۔4 تا  5 بڑے چمچے ملتانی مٹی میں 2 تا 3 بڑے چمچے عرق ، گلاب شامل کریں اور سادہ پانی ملاکر گاڑھا آمیزہ تیار کریں ۔ اسے پیٹھ اور دیگر متاثرہ اعضا پر لگائیں ۔ خشک ہونے دیں پھر سرد پانی سے دھودیں ۔
گرمی دانوں کا جڑی بوٹی کے ذریعہ علاج
گرمی دانوں کا جڑی بوٹی کے ذریعہ موثر علاج درج ذیل ہے :
(1) بیس تا پچیس نیم کے پتے لیں انہیں پانی کے ساتھ پیس کر آمیزہ تیار کریں ۔ اسے متاثرہ مقام پر لگاکر خشک ہونے دیں ۔ پھر اسے سرد پانی سے دھو ڈالیں ۔اس سے گرمی دانوں سے عاجلانہ راحت حاصل ہوگی ۔
(2) گرمی دانوں کیلئے عام طور پر زیر استعمال صندل کی لکڑی ایک اور علاج ہے ۔ مساوی تعداد میں ایک یا دو بڑے چمچے دھنیا اور صندل کی لکڑی کا سفوف لیں ۔ 2 تا 3 بڑے چمچے عرق گلاب ملائیں اور آمیزہ تیار کریں ۔ یہ آمیزہ متاثرہ مقام پر لگاکر خشک ہونے دیں ۔ پھر سرد پانی سے دھو ڈالیں ۔گرمی دانوں سے نجات مل جائے گی ۔