گجرات کانگریس کے تمام ارکان اسمبلی کی میڈیا کے سامنے پریڈ

پارٹی میں داخلی انتشار کے بشمول تمام قیاس آرائیوں کو غلط قرار دیا گیا
بنگلور ۔ /30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج کہا کہ وہ میڈیا کے سامنے گجرات کانگریس سے تعلق رکھنے والے اپنے تمام ارکان اسمبلی کی پریڈ کروائی ہے ۔ پارٹی کے اندر داخلی انتشار کے بشمول تمام قیاس آرائیوں کو غلط قرار دیتے ہوئے کانگریس نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی نے جو الزامات عائد کئے ہیں وہ پارٹی کو کمزور کرنے کی کوشش ہے ۔ پارٹی نے گجرات کے 57 کانگریس ارکان اسمبلی کے منجملہ 44 ارکان کو شہر بنگلور کے باہر ایک تفریح گاہ میں رکھا ہے ۔ گزشتہ دو دنوں سے یہ ارکان کرناٹک میں مقیم ہیں کیوں کہ کل ہی کانگریس کے تین ارکان اسمبلی نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ اے آئی سی سی ترجمان شکتی نہاگوگل نے بنگلور کے مضافات میں واقع ایگلٹن گولڈ ریسورٹ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت بہت نازک دور سے گزررہی ہیں ۔ میڈیا مالکین ، چیانلوں اور اخبارات سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ جمہوریت کو بچائیں ۔ یہ ذمہ داری اب آپ کے کندھوں پر ہے ، میں کل سے یہاں مقیم ہوں ۔ میرے ہمراہ میرے رفقاء بھی ہیں ہم ایک خاندان کی طرح رہتے آرہے ہیں ۔ آپ (بی جے پی) ہمارے اندر داخلی انتشار کی بات کررہے ہیں ۔ یہاں ہم کو دیکھئے ہم کس طرح ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں ۔ ہمارے درمیان کوئی انتشار ، رسہ کشی نہیں ہے ۔ گوئل نے چیف مسنٹر گجرات وجئے روپانی کے ان الزامات کا جواب دیا جنہوں نے کہا تھا کہ کانگریس کے اندر اتھل پتھل چل رہی ہے ۔ داخلی مسائل کی وجہ سے اس کے قائدین پارٹی چھوڑرہے ہیں ۔ شنکر سنہا واگھیلا ، بلونت سنگھ ، راجپوت کے بشمول کئی قائدین پارٹی چھوڑچکے ہیں ۔ ان لوگوں نے اپنے ارکان اسمبلی کو بنگلور پہونچادیا ہے کیوں کہ انہیں اپنے ہی ارکان اسمبلی پر بھروسہ نہیں ہے ۔ کانگریس نے 44 ارکان اسمبلی کو بنگلور کی تفریح گاہ منتقل کی ہے کیوں کہ /8 اگست کو راجیہ سبھا انتخاب مقرر ہے ۔