گجرات میں دلتوںکی بڑے پیمانے پر احتجاجی ریالی

مردہ جانوروں کو ہٹانے سے انکار ، اقدام خودکشی کرنے والے نوجوان کی موت

احمد آباد ۔ /31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں دلتوں کے جاری احتجاج نے آج ایک شخص کی جان لے لی ۔ اونا میں مردہ گائے کی کھال اتارنے پر دلتوں کو نشانہ بنانے کے خلاف آج بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ریاستی بی جے پی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے دھمکی دی گئی کہ اگر حملوں کا سلسلہ روکا نہ جائے تو 2017 ء انتخابات میں سبق سکھایا جائے گا ۔ اس کے علاوہ دلت قائدین نے مردہ مویشیوں کو ہٹانے کا کام بند کردینے پر زور دیا ہے ۔ دلتوں پر مظالم کے خلاف اب تک 20 سے زائد نوجوانوں نے اقدام خودکشی کی ہے ۔ جن میں ایک نوجوان کل رات جانبر نہ ہوسکا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ یوگیش ہیرا بھائی سولنکی کو کل رات راجکوٹ سے احمد آباد سیول ہاسپٹل منتقل کیا گیا لیکن وہاں اس کی حالت مزید ابتر ہوگئی ۔ سولنکی نے /19 جولائی کو راجکوٹ میں دیگر دو دلت نوجوانوں کے ساتھ اقدام خودکشی کی تھی ۔ اسی دن امریلی ٹاؤن میں دلت احتجاجیوں نے پولیس اسٹیشن پر سنگباری کی جس میں ایک ملازم پولیس ہلاک ہوگیا تھا ۔ دلتوں پر مظالم کے خلاف جاری احتجاج کے حصہ کے طور پر آج ہزاروں دلتوں نے سابر متی علاقے میں ریالی منظم کی ۔ اس موقع پر دلت قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مردہ جانوروں کو ہٹانے اور سیوریج کی نکاسی کا عمل بند کردیا جائے گا ۔