گجرات فسادات کے مجرم بجرنگی کا برا حال ، عدالت کو آگاہی

نئی دہلی ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق بجرنگ دل لیڈر بابو بجرنگی جسے نروڈا پاٹیہ قتل عام کیس میں 21 سال کی سزائے قید سنائی گئی ہے، وہ مختلف عوارض کے سبب برے حال میں ہے، ریاستی حکومت نے سپریم کورٹ کو اس کی ضمانت عرضی کے جواب میں آج یہ بات بتائی۔ 2002ء کے گجرات فسادات کے دوران نروڈا پاٹیہ نے ہجوم نے 97 افراد کو ہلاک کیا تھا۔ ریاستی حکومت نے کہا کہ طبی رپورٹس سے معلوم ہوتا ہیکہ بجرنگی کی بصارت 100 فیصدی ختم ہوچکی ہے اور اس کے علاوہ وہ دیگر کئی امراض میں مبتلاء ہے۔ جسٹس اے ایم کھانویلکر اور جسٹس اجئے رستوگی کی بنچ نے کونسل برائے حکومت گجرات سے کہا کہ حلفنامہ پر میڈیکل رپورٹس داخل کئے جائیں کیونکہ ان کو ریکارڈ پر درج کرنے کی ضرورت ہے۔ سینئر ایڈوکیٹ آر بسنت نے بجرنگی کی پیروی کرتے ہوئے کہا کہ وہ صحت کی بنیادوں پر اس کیس میں ضمانت کی استدعا کررہے ہیں کیونکہ وہ 100 فیصدی بہرا اور نابینا ہوچکا ہے اور قلب کی مختلف بیماریوں سے بھی دوچار ہے۔