گاؤرکھشا کے نام پر بی جے پی، آر ایس ایس کی سیاست : راہول

انتخابات میں سیاسی حربے اختیار کرنے پر تنقید، شاہ جہاں پور میں انتخابی مہم
شاہ جہاں پور (یوپی) 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیاکہ وہ گائے کو اپنا سیاسی انتخابی حربہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انھوں نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر بھی تنقید کی کہ گاؤ رکھشا کے نام پر یہ پارٹیاں سیاسی کھیل میں مصروف ہیں۔ دیوریا تا دہلی کسان یاترا کے دوران میں نے گائیوں کی حالت کا مشاہدہ کیا ہے۔ یہ گائے سڑکوں پر بھٹک رہی ہیں۔ انھوں نے روڈ شو کے دوران کہاکہ مرکز کی مودی حکومت گاؤ رکھشا کے نام پر ایک انتخابی سیاسی حربے پر کام کررہی ہے۔ نائب صدر کانگریس جو پووا میں کھت سبھا کے دوران دیہی عوام سے خطاب کررہے تھے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی نے گائیوں کو صرف اپنا انتخابی حربہ بنالیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ گائے سڑکوں پر بھٹک رہی ہیں اور بھوک سے مر رہی ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں میں ان کا کوئی رکھشک نہیں ہے جو کچھ بھی شور مچایا جارہا ہے وہ صرف سیاسی حربہ ہے۔

یہ لوگ گاؤ رکھشک کے نام پر عوام کے اندر نفرت پیدا کررہے ہیں۔ ان کے یہ ریمارکس اس تناظر میں سامنے آئے کہ ملک میں ان نام نہاد گاؤ رکھشکوں کی جانب سے دلتوں اور اقلیتی طبقات کے افراد کے خلاف ظلم و زیادتی کی جارہی ہے۔ راہول گاندھی نے نریندر مودی پر تنقید کی کہ انھوں نے اپنے انتخابی وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے۔ انتخابات سے قبل مودی نے عوام سے بے شمار وعدے کئے تھے۔ خاص کر نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے اور کالا دھن واپس لانے کا وعدہ کیا تھا۔ یہ صرف کانگریس ہی ہے جو اپنے وعدوں کو پورا کرتی ہے۔ انھوں نے یاد دلایا کہ کانگریس زیرقیادت یو پی اے حکومت جب مرکز میں برسر اقتدار تھی تو کسانوں کے قرضے معاف کردیئے تھے۔ انھوں نے کہاکہ اس یاترا کا اصل مقصد کسانوں کے مسائل کو تو سمجھنا ہے۔ انھوں نے تیقن دیا کہ ان کی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو ان کے تمام مسائل حل کرے گی۔