گائے چوری کے شبہ میں دو نوجوانوں کا قتل

آسام میں ہجوم نے دیڑھ کیلو میٹر تک تعاقب کرتے ہوئے ہلاک کردیا
گوہاٹی ۔ /30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آسام میں گاؤ رکھشکوں کی انتہاپسندی کا پہلا واقعہ سامنے آیا جہاں ایک ہجوم نے ضلع ناگاؤں میں دو افراد کو مویشی چوری کرنے کے شبہ میں بری طرح زدوکوب کرکے ہلاک کردیا ۔ سینئر پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ 20 تا 25 سال کے دو نوجوانوں کو ہجوم نے بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا ۔ ان پر گائے چوری کرنے کا الزام ہے ۔ جب پولیس اس مقام پر پہونچی تو اس وقت ہجوم ان دو نوجوانوں کو گھسیٹ کر زدوکوب کررہا تھا ۔ پولیس ٹیم نے فوری ہاسپٹل منتقل کیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ سپرنٹنڈنٹ ناگاؤ ںدیباراج اپادھیائے نے بتایا کہ ہجوم لکڑیوں سے مسلسل زدوکوب کررہا تھا اور تقریباً دیڑھ کیلو میٹر تک ان کا تعاقب کرتا رہا ۔ دو نوجوانوں کی شناخت کرلی گئی ہے اور ان کے والدین نے پولیس میں شکایت درج کروائی ہے ۔ اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے ۔