کے سی آر کابینہ میں صرف ایک مسلم وزیر کی شمولیت موقع

حیدرآباد یکم جون ( سیاست نیوز ) ٹی آر ایس کے سربراہ کے اور تلنگانہ کے پہلے نامزد چیف منسٹر کے چندر شیکھر 2 جون کی صبح حلف برداری سے قبل اپنی کابینہ کی تشکیل کو قطعیت دے چکے ہیں ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کے سی آر کی قیادت میں 15 رکنی کابینہ حلف لے گی۔ جس میں این نرسمہا ریڈی ،ای راجندر کے سی آر کے بھانجے ٹی ہریش راو اور فرزند کے تارک راما راو کے علاوہ کے ایشور ،محمد علی اور چند دوسروں کے نام شامل کئے گئے ہیں۔ خاتون وزراء کی حیثیت سے پدما دیویندر ریڈی،کونڈا سریکھا اور کووا لکشمی کے نام زیر غور ہے۔ باور کیا جاتا ہے کہ کے سی آر داخلہ اور اوقاف اور چند دوسرے قلمدان کسی وزیر کو نہیں دیں گے بلکہ اپنے پاس رکھیںگے۔کے سی آر کابینہ میں محمد محمود علی فی الحال واحد مسلم وزیر رہیں گے جنہیں توقع ہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر بناتے ہوئے کوئی اہم وزارتی قلمدان بھی دیا جائے گا۔ ایک اور سینئر لیڈر ایم نرسمہا ریڈی جو اسمبلی یا قانون ساز کونسل کے رکن نہیں ہیں انہیں وزارت میں شامل کیا جائے گا اور اندرون چھ ماہ گورنر کوٹہ کے تحت قانون سازکونسل کیلئے منتخب کروایا جائے گا۔ کے سی آر کے قریبی ذرائع نے کہا کہ 15 سے کم وزراء کو کابینہ میں شامل کئے جانے کی صورت میں 29 جون سے تلنگانہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے آغاز سے قبل کابینہ میں رد وبدل اور توسیع کی جاسکتی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ نئی تلنگانہ اسمبلی کا پہلا اجلاس 9 تا 12 جون طلب کیا جائے گا۔