کے سی آر نے ریاست کو قرض میں ڈبو دیا

گاندھی بھون میں یوم تاسیس تلنگانہ تقریب : اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 2 جون ( این ایس ایس) صدر پردیش کانگریس این اتم کمار ریڈی نے آج گاندھی بھون پر پارٹی قائدین و سابق وزرا کے جانا ریڈی ‘ محمد علی شبیر ‘ پنالہ لکشمیا ‘ ایم ایل سی ٹی جیون ریڈی ‘ رکن اسمبلی ٹی جگا ریڈی اور دوسرے قائدین جیسے ششی دھر ریڈی ‘ انجن کمار یادو ‘ وی ہنمنت راو ‘ کسوما کمار اور دوسروں کی موجودگی میں یوم تاسیس تلنگانہ کے سلسلہ میں قومی پرچم لہرایا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ علیحدہ تلنگانہ ریاست صرف سونیا گاندھی کی وجہ سے ممکن ہوسکی ہے اور کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے اس کیلئے پارلیمنٹ میں جدوجہد کی تھی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جس وقت ریاست کی تشکیل عمل میں آئی تھی اس وقت جملہ قرض 69,000 کروڑ روپئے تھا جو کے سی آر کے پانچ سالہ اقتدار میں بڑھ کر 2.6 لاکھ کروڑ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بھاری رقومات کے تناسب سے کوئی ترقی نہیں ہوئی ہے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ 4000 میگاواٹ کے این ٹی پی سی پاور پلانٹ کو مکمل کیا جائے ۔ مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت نے اے پی تنظیم جدید قانون میں کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے ۔