کیلیفورنیا میں دوسرے روز بھی ٹرمپ مخالف مظاہرے جاری

سان فرانسسکو۔ 30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدارتی الیکشن میں ری پبلکن پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کی دوڑ میں سب سے نمایاں ارب پتی سیاستدان ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف دوسرے روز بھی ریاست کیلیفورنیا میں مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ ٹرمپ اِس وقت ری پبلکن پارٹی کے داخلی انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے نامزدگی کا حق حاصل کرنے کے انتہائی قریب ہیں۔ کل سان فرانسِسکو شہر کے ایک قریبی مقام پر ڈونلڈ ٹرمپ کی گاڑیوں کے قافلے کو مظاہرین نے کافی دیر تک ایک ہوٹل کے اندر جانے سے روکے رکھا۔ اِس مظاہرے میں کئی شرکاء نے میکسیکو کا جھنڈا بھی اٹھا رکھا تھا۔ جمعرات کے روز بھی ٹرمپ مخالف مظاہروں میں بدنظمی دیکھی گئی تھی اور پولیس نے بیس افراد کو گرفتار بھی کیا تھا۔