کیا وھیل کو مچھلی کہا جاسکتاہے ؟

بچو! وھیل کا شمار مچھلیوں میں نہیں ہوتا۔ اگرچہ وھیل اور مچھلیاں دونوں سمندر میں رہتی ہیں، لیکن وھیل اور مچھلی دو مختلف جانور ہیں۔ وہ بچے دیتی ہے اور انہیں دودھ پلاتی ہے۔ مچھلیوں کا خون ٹھنڈا ہوتا ہے، وہ اپنے گلپھڑوں سے سانس لیتی ہیں اور انڈے دیتی ہیں۔
اس لئے وھیل کو مچھلی کی ایک قسم سمجھنا درست نہیں ہے۔ وھیل کی تمام عمر سمندر میں بسر ہوتی ہے اور اسے دیکھ کر یوں معلوم ہوتا ہے کہ وہ کوئی مچھلی ہے، لیکن وہ مچھلی نہیں ہے۔ سائنسدانوں نے یہ پتہ لگایا ہے کہ ہزاروں لاکھوں سال پہلے وھیل بھی خشکی کا ایک جانور تھا، اور خشکی ہی سے اپنی خوراک حاصل کرتا تھا، لیکن جب خشکی کے دوسرے جانوروں کی تعداد بہت زیادہ بڑھ گئی اور وھیل کو پیٹ بھر کر خوراک ملنی مشکل ہوگئی تو وہ سمندر میں کود پڑی۔سمندر میں رہتے رہتے اس کی شکل و صورت میں تبدیلی آگئی اور وہ بھی رفتہ رفتہ پانی کا جانور بن گئی۔ بعض لوگوں کا یہ بھی خیال ہے کہ وہ اپنی مرضی سے سمندر میں نہیں گئی تھی، اسے جنگل کے خونخوار درندوں نے خشکی سے بھگادیا تھا اور جب وہ پناہ لینے کیلئے پانی میں گئی تو وہیں کی ہوکے رہ گئی۔ وھیل دنیا کا سب سے بڑا جانور ہے۔ ایک سو فٹ سے زیادہ لمبی اور ایک سو بیس ٹن سے زیادہ وزنی ہوتی ہے۔