کیا صنعتکاروں سے وزیر فینانس کو تنہائی میں ملنا چاہئے؟

صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کی خودنوشت میں چھبتا سوال
نئی دہلی ، 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کی حال ہی میں جاری کردہ خودنوشت میں کئی اہم چبھتے ہوئے سوال اٹھائے گئے ہیں۔ ان میں سے ایک سوال یہ بھی ہے کہ آیا صنعتکاروں سے وزیراعظم ہند یا وزیرفینانس کو اکیلے میں ملاقات کرنی چاہئے۔ انہوں نے اپنی کتاب میں اس سوال کا بھی خود ہی جواب دیا ہے اور لکھا ہے کہ صنعتکاروں سے ان کی ملاقات چاہے وہ انفرادی ہو یا اجتماعی، نہایت ہی اہمیت کی حامل رہی۔ صدرجمہوریہ نے مزید لکھا ہے کہ یہی وجہ تھی کہ میں نے وزیرفینانس اور وزیر کامرس کی حیثیت سے اپنے دور میں صنعتکاروں سے تنہائی میں دوبدو ملاقات کی جبکہ وی پی سنگھ صنعتکاروں سے اس طرح ملاقات کرنے سے گریز کرتے تھے۔ ان کا اپنا تکبرانہ رویہ تھا لیکن میری رائے میں یہ ٹھیک نہیں تھا۔ 1988ء اور 1991ء کے درمیان کے دور کے تعلق سے انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے لکھا ہیکہ یہ دور ملک میں سیاسی اور سماجی اتھل پتھل کا دور تھا۔ پرنب مکرجی نے وی پی سنگھ اور اپنے درمیان اختلافات کا بھی حوالہ دیا ہے۔